سیب اسکیم کے بارے میں بھی شرکاء کو آگاہ کیا گیا
بابر فاروق
کشتواڑ؍؍ضلع کشتواڑ میں سلسلہ وار بلاک دیوس پروگراموں کو منعقد کرنا ،لوگوں کی شکایات کو دور کرنے اور مختلف اسکیموں کے نفاذ کے بارے میں جانکاری دینے کے مقصد کے لیے ضلع کشتواڑ میں سرپنچوں کا اجلاس ضلع ترقیاتی کمشنر کشتواڑ اشوک کمار شرما کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اس موقع پر بی ڈی سی چیئر پرسن کشتواڑ سریش شرما ، بی ڈی سی چیئر پرسن تریگام سری چند ، بی ڈی سی چیئر پرسن پلماڑ للیتا دیوی ، ڈی ڈی سی ممبر مڑواہ محمد ظفر اللہ ، جوائنٹ ڈائریکٹر پلاننگ محمد اقبال ، اے سی ڈی کشتواڑ کشور سنگھ کٹوچ ، پی آر آئی ممبران کے علاوہ مختلف ضلع آفیسران بھی موجود تھے۔پی آر آئی ممبروں کی سربراہی میں وفود نے انتظامیہ کے سامنے اپنے مطالبات رکھے اور ان کو جلد از جلد ازالہ کرنے کی مانگ کی۔ جن اہم مطالبات سے انتظامیہ کو آگاہ کیا گیا ۔ ان میں کلید ہلر سڑک رابطوں پر پانی کے نظامِ نکاسی کو بہتر بنانا ۔ مڑواہ میں ٹیلی مواصلاتی نظام کو قائم کرنا، چھیچھہ ناگسینی میں سڑک رابطہ، سرکاری اسکولوں میں عملے کی کمی کو پورا کرنا شامل ہے۔ ضلع ترقیاتی کمشنر کشتواڑ نے متعلقہ آفیسران کو ہدایات جاری کی عوام کے مطالبات کا ازالہ فوراً کیا جائے۔ کئی عوامی مطالبات کا ازالہ موقع پر ہی کیا گیا۔ چیف ہارٹیکلچر آفیسر مشتاق احمد وانی کی صدارت میں سیب سکیم کو نافذ کرنے کے لئے خصوصی پروگرام کا اہتمام کیا گیا ۔جس میں اسکیم کے نفاذ کے لئے مختلف طریقوں سے شرکاء کا آگاہ کیا گیا۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ ہسپتال کشتواڑ ڈاکٹر پرویز اقبال وانی نے بھی پی آر آئی ممبران کو مختلف بیماریوں خصوصاً کوئڈ سے نمٹنے کے مختلف احتیاطی تدابیر سے آگاہ کیا۔پی آر آئی ممبروں سے کہا گیا کہ وہ اپنے اپنے دائرہ اختیار میں 45 سال سے زائد کی عمر کے تمام افراد کی ایک فہرست پیش کریں تاکہ اور بھی مختلف مقامات پر ویکسینیشن مراکز قائم کیا جا سکے۔ضلع ترقیاتی کمشنر کشتواڑ نے پی آر آئی ممبران سے کہا کہ وہ کسانوں کے لیے حکومت کی طرف سے لانچ کی گئی مختلف اسکیموں کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کے لئے عوام اور انتظامیہ کے مابین ایک پْل کی حیثیت سے کام کریں۔اس موقع پر اعلی پیداوار دینے والے اقسام کے بیج ، مشروم کی کاشت ، نشا مکت بھارت مہم کے علاوہ بارش کے پانی کو استعمال میں لانے کے بارے میں بھی شرکاء کو آگاہی دی گئی۔ اس کے علاوہ ضلع ترقیاتی کمشنر کشتواڑ نے پی آر آئی ممبران سے مطالبہ کیا کہ وہ مالی سال کے ترقیاتی کاموں کی بنیادی منصوبہ بندی کے سلسلے میں سات اپریل 2021 کو گرام سبھا منعقد کریں۔ پروگرام کے اختتام پر ضلع ترقیاتی کمشنر کشتواڑ نے سرپنچوں اور پنچوں کے ساتھ گفتگو کی اور ان کی انفرادی شکایات سننے کے بعد متعلقہ آفیسران کو ہدایات دے کر ان کا ازالہ کیا۔