ٹیکسز اور مہنگائی سے عام آدمی کا جینا مشکل بن گیا ہے: غلام احمد میر

0
0

راجوری میں کانگریس کے بینر تلے مہنگائی کے خلاف احتجاج ،گرفتاریاں
عمرارشدملک

راجوری؍؍ جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر غلام احمد میر نے الزام لگایا کہ ‘مودی حکومت کے ٹیکسز اور مہنگائی’ کی وجہ سے ایک عام آدمی کا جینا مشکل بن گیا ہے۔انہوں نے یہ بات منگل کو یہاں ٹیکسز اور مہنگائی کے خلاف کانگریس کی شروع کردہ 45 روزہ مہم کے آخری دن کے احتجاجی پروگرام کے حاشئے پر نامہ نگاروں سے گفتگو میں کہی۔احتجاجی پروگرام کے شرکا نے ‘مودی ہم سے ڈرتا ہے پولیس کو آگے کرتا ہے، بی جے پی ہائے ہائے، تاناشاہی نہیں چلے گی’ جیسے نعرے لگائے۔ پولیس نے احتجاجی پروگرام میں شامل کئی لیڈران بشمول پردیش کانگریس کمیٹی صدر کو حراست میں بھی لیا۔غلام احمد میر نے کہا: ‘جموں و کشمیر کانگریس نے ٹیکس ٹیررازم اور مہنگائی کے خلاف پوری ریاست میں 15 فروری کو 45 روزہ تحریک شروع کی تھی۔ اس تحریک کا آج یہ آخری دن تھا۔ مودی حکومت کے ٹیکس اور مہنگائی قہر کے خلاف راجوری کی عوام بھی اٹھ کھڑا ہوئے ہیں’۔ان کا مزید کہنا تھا: ‘مہنگانی کی وجہ سے ایک عام آدمی کا جینا مشکل بن گیا ہے۔ سرکار نے اس تحریک کو روکنے کی کئی کوششیں کیں۔ جتنی کوششیں کی گئیں اتنی زیادہ ہمیں ہمت ملی۔ ہم عوام کی دبی ہوئی آواز کو بلند کرنے کی کوششیں جاری رکھیں گے۔ لوگ بہت تنگ آ چکے ہیں’۔وہیں اس دوران احتجاج میں سابقہ وزیر رمن بھلہ، پارٹی کے ترجمان اعلیٰ رویندر شرما، ضلع صدر و ڈی ڈی سی نائب چیئرمین شبیر خان اور پارٹی کے دیگر رہنماؤں سمیت تمام کارکنان نے شرکت کی۔ مظاہرین نے چلڈرن پارک سے احتجاجی ریلی شروع کی اور گوجر منڈی مین دھرنا دینے والے تھے تاہم پولیس اہلکاروں نے ڈاک بنگلہ کے گیٹ پر احتجاج کو روک دیا جس کے نتیجے میں مظاہرین اور پولیس اہلکاروں کے مابین معمولی تصادم ہوا۔ ذرائع کے مطابق پردیش کانگریس صدر غلام احمد میر سمیت پارٹی کے کئی لیڈران اور کارکنوں کو حراست میں لیا گیا اور پولیس لائن میں منتقل کیا گیا جہاں بعد میں انہیں رہا کیا گیا۔ اس موقع پر پردیش کانگریس صدر نے کہا کہ مختلف قسم کے ٹیکسوں کو لاگو کر کے حکومت عوام میں دہشتگردی پھیلا رہی ہے اور پٹرول، ڈیزل اور رسوئی گیس کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا اور کانگریس کا احتجاج حکومت کی لوٹ مار کے خلاف تھا اور پولیس کی مدد سے حکومت نے ہماری آواز کو دبانے کی کوشش کی ہے۔ اس موقع پر ضلع کانگریس صدر شبیر خان نے بتایا کہ بھاجپا کی حکومت نے جموں کشمیر ہی نہیں بلکہ ملک بھر میں غریبوں کو تباہ کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر روز مختلف قسم کے قانون نافذ کئے جا رہے ہیں جس سے عام انسان مشکلات سے دو چار ہو رہا ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا