مشاورتی کمیٹی کاسری نگر اور جموں میں ہنگامی اجلاس
لازوال ڈیسک
جموں؍؍جموں وکشمیر نیشنل پینتھرس پارٹی کی مشاورتی کمیٹیوں نے سری نگر اور جموں ہیڈ کوارٹر میں ہنگامی اجلا سم منعقد کئے۔ سری نگر میں سینئر ایڈوائزری بورڈ کے ممبران حقیقت سنگھ جموال، فاروق احمد ڈار، حکیم عارف علی، مسعود اندرابی اور دیگر نے پینتھرس پارٹی ہیڈ کوارٹر میں ایک میٹنگ کی اور فیصلہ کیا کہ پارٹی کی ضلعی کمیٹیوں اور ورکنگ کمیٹی کے اراکین 23 مارچ 2021 کو، ڈوگرہ ہال، جموں میں منائے جانے والے پینتھرس پارٹی کے 40 ویں یوم تاسیس میں شرکت کریں گے۔جموں میں ایڈوائزری بورڈ کے اراکین نے ایک ضروری میٹنگ بھی کی، جس میں یشپال کنڈل، پی کے گنجو، محمد اقبال چودھری، سردار پرمجیت سنگھ مارشل، ایڈوکیٹ سلیم شیخ، محترمہ انیتا ٹھاکر اور کیپٹن انیل گوڑ شامل ہوئے۔جموں وکشمیر نیشنل پینتھرس پارٹی کے صدر پروفیسر بھیم سنگھ نے لداخ، کشمیر اور جموں صوبوں سے تمام فعال اراکین، نمائندوں اور ورکنگ کمیٹی کے اراکین کو یوم تاسیس کے موقع پر ہونے والی تقریب میں شامل ہونے کی دعوت دی۔پروفیسر بھیم سنگھ نے جموں و کشمیر میں تسلیم شدہ سیاسی جماعتوں کی قیادت کو بھی جموں میں 40ویں یوم تاسیس کی تقریبات میں شرکت کی دعوت دی۔ الیکشن کمیشن کے ذریعہ تسلیم شدہ ریاستی پارٹیوں کے سربراہان کو 23 مارچ 2021 کو صبح 11 بجے بطور مہمان خصوصی کی حیثیت سے یوم تاسیس کی تقریبات میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔پروفیسر بھیم سنگھ نے اعلان کیا کہ پینتھرس پارٹی جموں و کشمیر کا ریاست کا درجہ بحال کئے جانے کے لئے پرعزم ہے، جسے 5 اگست 2019 کو ہندستانی حکومت نے ختم کردیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ چالیسویں یوم تاسیس کے موقع پر پینتھرس پارٹی کا مرکزی مشن جموں و کشمیر اور لداخ کے باشندوںکو مکمل بنیادی حقوق کے ساتھ ریاست کے درجہ کی بحالی کے لئے مشترکہ تحریک شروع کرنا ہے۔