343 کلو میٹر طویل لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کی نگرانی اور وادی میں جنگجو مخالف آپریشنز کی ذمہ داری سونپی گئی
یواین آئی
سرینگر؍؍لیفٹیننٹ جنرل ڈی پی پانڈے نے بدھ کے روز یہاں سری نگر میں قائم فوج کی پندرہویں کور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی) کا عہدہ سنبھالا ہے۔لیفٹیننٹ جنرل پانڈے، جو نیشنل ڈیفنس اکیڈیمی کے فارغ التحصیل ہیں، کو 343 کلو میٹر طویل لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کی نگرانی اور وادی میں جنگجو مخالف آپریشنز کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ایک فوجی ترجمان نے بتایا کہ بدھ کے روز لیفٹیننٹ جنرل بی ایس راجو نے لیفٹیننٹ جنرل پانڈے کو سری نگر میں قائم پندرہویں کور کی سربراہی سپرد کی۔انہوں نے بتایا کہ لیفٹیننٹ جنرل راجو کے زائد از ایک سال کی سربراہی ایل او سی اور وادی میں صورتحال کی بہتری سے عبارت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سیول انتظامیہ اور سیکورٹی فورسز کے درمیان تال میل سے کشمیر میں حالات معمول پر آ گئے اور جنگجویانہ سرگرمیوں میں کمی درج ہوئی۔موصوف ترجمان نے بتایا کہ جنرل راجو کے دور کا منہ توڑ جواب دیا گیا جس سے ایل او سی پر بھارتی فوج کا ہاتھ بھاری رہا۔انہوں نے بتایا کہ اس کے علاوہ لیفٹیننٹ جنرل راجو نے فوجی اور عام شہری کے درمیان تعلقات کو یقینی بنانے کے لئے کام کیا جس کے لئے کشمیر میں مختلف النوع کامیاب پروگراموں کا انعقاد کیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ فوج نے وادی کے دور افتادہ علاقوں میں لوگوں کو مشکل وقت میں مدد فراہم کرنے کے لئے وہاں تعینات فوجی گرڈ کو استعمال کیا اور زمینی سطح پر لوگوں تک پہنچنے کے لئے نوجوانوں کے ساتھ بات چیت کرنے کا سلسلہ شروع کیا۔موصوف ترجمان نے بتایا کہ لیفٹیننٹ جنرل راجو نے گمراہ نوجوانوں کو قومی دھارے میں واپس آنے کے لئے دوسرا موقع فراہم کرنے کی سخت حمایت کی کیونکہ ان کا ماننا ہے کہ ایسا کرنے سے جموں وکشمیر میں دائمی امن قائم کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ فوج نے نوجوانوں بشمول ان نوجوانوں جنہوں نے بندوق اٹھائے ہیں، کے ساتھ جڑنے کے لئے کئی اقدام کئے ہیں جس کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ لیفٹیننٹ جنرل راجو نے جنگجو مخالف آپریشنز کے دوران پیشہ ور معیار کو معیاری بنانے کے لئے بھی اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔لیفٹیننٹ جنرل بی ایس راجو کو کشمیر میں قیام امن کی کاوشوں پر یوم جمہوریہ کے موقع پر اتم یودھ سیوا میڈل سے سرفراز کیا گیا۔