وچی شوپیان سے سابقہ کانگریس ضلع صدر شوپیان، پنچایتی ممبران اور متعدد سیاسی کارکنان اپنی پارٹی میں شامل
لازوال ڈیسک
سرینگر؍؍اپنی پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری نے منگل کو اِس عزم کو دوہرایا ہے کہ اُن کی جماعت جموں وکشمیر کے لوگوں کے مفادات سے کسی بھی حالات میں ہرگز سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ لال چوک سرینگر میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بخاری نے کہاکہ اپنی صداقت پر مبنی سیاست کے اصول پر کاربند ہے اور وہ عوام کے ساتھ کئے وعدوں پر قائم ہے۔ انہوں نے کہا’’ اپنی پارٹی کا ایجنڈہ ہمیشہ جموں وکشمیر میں امن وخوشحالی کے لئے رہا ہے، ہم کبھی بھی کسی طاقت کے تابع نہیں رہیں گے بلکہ عوام کے دکھوں کو ختم کرنے کے تئیں ہمارا عزم ہمیشہ مستحکم ہوگا‘‘۔اس تقریب میں وچی شوپیان سے کانگریس ضلع صدر شوپیان عبدالقیوم شاہ کی قیادت میں درجنوں سیاسی کارکنان، بلاک صدور اور پنچایتی ممبران پارٹی میں شامل ہوئے۔ اس موقع پر پارٹی صدر سعید محمد الطاف بخاری کے علاوہ نائب صدر ظفر اقبال منہاس، جنرل سیکریٹری رفیع احمد میر، صوبائی صدر کشمیر محمدا شرف میر، چیف کارڈی نیٹر اور ضلع صدر کولگام عبدالمجید پڈر، ریاستی سیکریٹری اور ضلع صدر بڈگام منتظر محی الدین، میڈیا ایڈوائزر فاروق اندرابی، ڈی ڈی سی وائس چیئرپرسن شوپیان عرفان منہاس، ضلع صدر سرینگر نور محمد شیخ، کارڈی نیٹر جنوبی کشمیر شوکت غیور اندرابی، جنرل سیکریٹری اپنی پارٹی یوتھ ونگ مظفر ریشی اور ضلع سیکریٹری شوپیان اتھر مظفر ریشی بھی موجود تھے۔ صدر موصوف نے نئے ساتھیوں کا جماعت میں شمولیت پر خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ ریاستی درجہ کی بحالی ہماری جماعت کا اہم سیاسی مقصد ہے۔ انہوں نے کہا’’ہم پورے دم خم کے ساتھ ریاستی درجہ کی بحالی کے لئے لڑائی لڑ رہے ہیں اور اِس کی حصولی تک کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں چھوڑیں گے، یہ میرا اپنی جماعت کی طرف سے وعدہ ہے کہ ہم جموں وکشمیر کے لوگوں کے مفادات سے متعلق کسی بھی معاملہ پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے‘‘۔اس موقع پر نئے ساتھیوں نے جموں وکشمیر کی عوام کو اِس طرح کا سیاسی پلیٹ فارم فراہم کرنے پر پارٹی لیڈر شپ کا شکریہ ادا کیا اور زمینی سطح پر متعلقہ علاقوں میں پارٹی کی مضبوط کا عہد کیا۔