تحصیلدار بھلیسہ شیخ ارشاد حسین نے تقریب میں بطورِ مہمانِ خصوصی کی شرکت
محمد اسحٰق عارفؔ
اخیار پور//انسپائر بھلیسہ ٹرسٹ نے ایجوکیشنل زون بٹیاس کے ایسے تمام طلباء و طالبات کو اعزازات سے نوازا ہے جنہوں نے حال ہی میں دسویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات میں 400سے زائد نمبرات حاصل کر کے شاندارکامیابی حاصل کی ہے۔گورنمنٹ ہائر اسکنڈری اسکول جکیاس کے اشتراک سے اسی اسکول کے احاطہ میں ہفتہ کے روز منعقدہ اس پروگرام میںتحصیلدار بھلیسہ شیخ ارشاد حسین بطورِ مہمانِ خصوصی جب کہ بلاک چیئرمین کاہراہ بلاک فاطمہ بیگم بطورِ مہمانِ اعزازی موجود تھے جنہوں نے50سے زائد ایسے طلباء و طالبات میں اسناد تقسیم کیں اور اُنہیں میڈل پہنائے۔اس موقع پر تحصیلدار بھلیسہ اور بی ڈی سی چیئرمین نے انسپائر بھلیسہ ٹرسٹ کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ٹرسٹ کا یہ اقدام ایک خوبصورت پہل ہے جس سے نہ صرف ان بچوں کی حوصلہ افزائی ہو گی بلکہ اس سے دیگر طلباء و طالبات کو بھی اچھا کرنے کی تحریک اور ترغیب ملے گی۔اُنہوں نے کہا کہ کہ تعلیم کا شعبہ زندگی کا سب سے اہم شعبہ ہے اور وہی قومیں،علاقے یہاں تک کہ خاندان ترقی کی اونچی منزلوں کو چھو لیتے ہیں جو تعلیم کی اہمیت کو سمجھ لینے کے ساتھ ساتھ اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لئے کوشاں رہتے ہیں۔اُنہوں نے ٹرسٹ کو اپنے بھر پور تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ ٹرسٹ اپنے کام کے دائرے کو وسعت دے کر اسے دیگر علاقہ جات تک بھی پھیلائے گا۔ پروگرام کا آغاز محمد سفیان لون طالب علم جامعہ غنیۃ العلوام اخیار پور نے تلاتِ کلام پاک سے کیا جب کہ نعیم اعجاز نے بارگاہِ نبویؐ میں نذرانہ عقیدت پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔گورنمنٹ ہائر اسکنڈری اسکول کے انچارج پرنسپل الحاج غلام نبی وانی جو اس پروگرام کے نگران بھی تھے،نے مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے پروگرام کے اغراض و مقاصد بیان کئے۔بعدہٗ ٹرسٹ کے ترجمان نے ٹرسٹ کا تعارف کرواتے ہوئے کہا کہ انسپائر بھلیسہ ٹرسٹ کا دائرہ کار بہت وسیع ہے مگر اس کی اولین ترجیحات میں شعبۂ تعلیم شامل رہے گا اور ٹرسٹ وقتاً فوقتاً طلباء و طالبات کی دلچسپی کے ایسے پروگراموں کا انعقاد کرواتا رہے گا جن سے بچوں کی تعلیمی دلچسپی میں اضافہ ہو اور وہ موجودہ مسابقاتی دوڑ میںشامل ہو سکیں۔ اُنہوں نے کہا کہ ٹرسٹ کی طرف سے مختلف شعبہ ہائے زندگی میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کے لئے سالانہ بنیادوں پر انعامات کا سلسلہ متعارف کروائے گا تاکہ ان شعبہ جات میں کام کرنے والے دیگر لوگوں کو یہ تحریک و ترغیب ملے کہ وہ بھی بے لوث ہو کر پوری ایمانداری اور دیانت داری کے ساتھ اپنے اپنے فرائض انجام دے کر اپنے اپنے لوگوں کی خدمت کریں۔اُنہوں نے کہا کہ ٹرسٹ ہر سال بہترین استاد،بہترین عوام دوست ملازم،بہترین عوام دوست آفیسر،بہترین ڈاکٹر، بہترین سماجی کارکن،بہترین ہیلتھ ورکر،بہترین پی ایچ ای اور پی ڈی ڈی ورکر،بہترین عوام دوست ڈرائیور او ر عوامی سروے کی بنیاد پر اسی طرح کے دیگر لوگوں کا انتخاب کر کے اُنہیں انعامات اور اعزازات سے نوازے گاتاکہ دوسروں کو تحریک و ترغیب ملے جس کے یقیناً مثبت اور دور رس نتائج سامنے آئیں گے۔ ٹرسٹ کے چیئرمین ڈاکٹر فرحت عباس ملک،ریٹائرڈ لیکچرر عبد الغنی متو، ہیڈماسٹر جامعہ غنیۃ العلوم اخیار پور عبدالمجید وانی، انچارج ہیڈماسٹر گورنمنٹ ہائی اسکول بدھلی رمیش چندر گورنمنٹ ہائر اسکنڈری اسکول جکیاس کے تدریسی عملہ کے علاوہ اس موقع پرعلاقہ کے متعددسابق اور موجودہ سرپنچ صاحبان اور دیگرمعززین جن میں محمد اقبال ملک،فاروق احمد شکاری،ماسٹر پورن چند،اعجاز احمد ونی ٹیچر،مسرت حسین نیائک، ارشاد احمد وانی،یونس رشید ملک،لیاقت علی شیخ،ذاکر ملک،ماسٹر پرویز احمد،شاہین ٹرسٹ کے صدر توصیف احمد ملک،انسپائر بھلیسہ ٹرسٹ کے نائب صدر اشتیاق احمد نیائک،جوائنٹ سیکریٹری و انچارج مالیات محمد وسیم ٹاک،پروگرام ایڈوائزرظہیر عباس گنائی،سیکریٹری شبیر احمد شیخ ،رابطہ کاروقار احمد گنائی ،سماجی کارکن ظفر اللہ ملک،محمد عباس بٹ ریٹائرڈ فارسٹر،جمشید احمد گنائی،شہزاد احمد،شیتل کوتوال اور دیگر کئی لوگ بھی اس موقع پر موجود تھے جنہوں نے پروگرام کے دوران اپنے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے انسپائر بھلیسہ ٹرسٹ کو اس قسم کے پروگرام کے انعقاد پر مبارک باد پیش کی اور اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔ٹرسٹ کے چیئرمین ڈاکٹر فرحت عباس ملک نے شکریہ کی تحریک پیش کی۔