جموں؍؍چیئر مین جموں کشمیر بنک آر کے چھبر آج یہاں راج بھون میں لفٹینٹ گورنر منوج سنہا سے ملے اور بنک کے کام کاج سے متعلق مختلف اہم معاملات پر غور و خوض کیا ۔ چیئر مین نے لفٹینٹ گورنر کو مختلف اہم پروگراموں کے تحت مالی امداد کی واگذاری پر جاری پیش رفت کے بارے میں جانکاری دی ۔ انہوں نے بنک کے عملے کی تنظیم نو اور خالی آسامیوں کو پُر کرنے کیلئے تیار کئے جا رہے نقشہ راہ کے بارے میں بھی جانکاری دی ۔ لفٹینٹ گورنر نے بنک کے کام کاج میں بہتری لانے کیلئے متواتر کوششوں پر زور دیا اور بنک عملے میں نظم و ضبط قائم کرنے کی ہدایت دی تا کہ ہر سطح پر شفافیت اور جوابدہی یقینی بنائی جا سکے ۔ انہوں نے چئیر مین کو بنک کی مالی صحت بہتر بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھانے کا مشورہ دیا ۔ دریں اثنا ضلع کشتواڑ کے مختلف علاقوں سے سابق وزیر سنیل شرما کی قیادت میں آیا عوامی وفد بھی لفٹینٹ گورنر سے ملا اور انہیں اُن کے علاقے سے متعلق عوامی اہمیت سے متعلق معاملات سے آگاہ کیا ۔ وفد نے سڑکوں کے جال کو مستحکم بنانے ، بجلی سپلائی کو توسیع دینے ، پاڈر ، دچھن اور دیگر ملحقہ علاقوں میں صحت اور ٹرانسپورٹ سہولیات کو توسیع دینے سے متعلق مانگوں کی یاداشت پیش کی ۔ لفٹینٹ گورنر نے وفد کے ارکان کو بغور سُنا اور انہیں یقین دلایا کہ اُن کی جائیز مانگوں اور مطالبات کو پورا کیا جائے گا ۔