متعلقہ محکمہ کی جانب سے کسانوں کو قبل از وقت کوئی جانکاری فراہم نہ کرنے کا شاخسانہ
زیوا ہلال
سرینگر//وادی کشمیر میں مسلسل موسم ابتر رہنے کے نتیجے میں امسال بادام کی پیداوار میں کافی حد تک کمی واقع ہوئی ہے جبکہ متعلقہ محکمہ کی غفلت شعاری کے نتیجے میں بادام کے شگوفوں میں بھی کمی دیکھنے کوملی ہے۔نمائندے کے مطابق وادی کشمیر میں طویل مدت تک موسم خراب رہنے کے نتیجے میں امسال بادام کی پیداوار میں کافی حد تک کمی واقع ہوئی ہے۔ تاہم متعلقہ محکمہ کی جانب سے اس طرف عدم توجہی اور وقت پر کوئی مداوا نہ کرنے کی وجہ سے اس سال بادام کے شگوفے کھلنے لگے ہیں۔۔بادام کے مالکان باغات نے اس حوالے سے بتایا کہ موسم سرمائ وقت سے پہلے شروع ہونے اور طویل مدت تک موسم ابتر رہنے کے نتیجے میں اس برس بادام کی پیداوار بہت ہی کم نکلے گی۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر ان دنوں موسم ٹھیک نہیں رہے گا تو بادام کی پیداوار کو کافی نقصان ہوسکتی ہے۔ بادام صنعت سے وابستہ افراد نے کہا کہ وادی کشمیر میں پیداہونے والے بادام پوری دنیا میں بہترین بادام مانے جاتے ہیں تاہم متعلقہ محکمہ کی جانب سے اس طرف عدم توجہی سے امسال بادام کے شگوفے کافی کم تعداد میں پھوٹ پڑے ہیں۔ بادام پیداوار میں بہتری کیلئے متعلقہ محکمہ نے پہلے سے ہی کوئی تیاری نہیں کی اور ناہی سائنسی طریقہ اپنانے کیلئے کوئی قدم نہیں اْٹھایا گیا۔