ازہر ہند الجامعہ الاشرفیہ مبارک پور میں جموں و کشمیر کے پانچ طلبا کو تاج مصباحیت سے نوازا گیا

0
0

اعجازالحق بخاری

جموں ؍؍ عالم اسلام کی معروف دینی درس گاہ الجامعۃالاشرفیہ عربی یونیورسٹی مبارک پور میں21 رجب المرجب مطابق 6/مارچ 2021ء بروز سنیچر شہزادہ حضور حافظ ملت حضرت علامہ شاہ عبدالحفیظ صاحب قبلہ مدظلہ العالہ کی سرپرستی میں تقریب ختم بخاری شریف کا انعقاد ہوا۔یاد رہے کہ ہر سال اس جامعہ کے مختلف شعبہ جات سے فارغ ہونے والے طلبہ کو عرس حضور حافظ ملت علیہ الرحمہ کے موقع سند و دستار سے نوازا جاتا تھا مگر اس سال covid19 کی وجہ سے عرس حافظ ملت محدود پیمانے پر منعقد ہوا تھا۔ اس لیے اس سال ختم بخاری شریف کے موقع پر ہی مختلف شعبہ جات سے فارغ ہونے والے 601 طلبا کو علمائے کرام و مشائخ عظام کے مقدس ہاتھوں دستار و سند سے نوازا گیا۔جن میں سے پانچ طلبا کا تعلق جموں و کشمیر کے اضلاع،راجوری،پونچھ اور ریاسی سے تھا۔ان میں سے مولانا محمد حنیف رضا مصباحی کو دستار افتا اور مولانا شبیر احمد قادری مصباحی،مولانا سید صفدر حسین شاہ مصباحی،مولانا محمد قاسم رضا مصباحی اور مولانا عبدالشکور قریشی مصباحی کو دستار فضیلت کے تاج زریں سے نوازا گیا ۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق مولانا شبیر احمد قادری مصباحی،مولانا قاسم رضا مصباحی اور مولانا عبدالشکور مصباحی نے اپنی ابتدائی تعلیم جموں و کشمیر کے معروف دینی ادارہ جامعہ انوارالعلوم سٹی پونچھ سے حاصل کی۔بعدہ اساتذہ کہ ہدایات اور رہنمائی سے اعلی تعلیم کے لیے عظیم اسلامی درس گاہ الجامعۃالاشرفیہ مبارک پور میں داخلہ لیا اور یہاں اپنی اعلیٰ تعلیم مکمل کرکے پورے ملک میں اپنا،اپنے اہل خانہ اور یوٹی جموں وکشمیر کا نام روشن کیا ۔اس تقریب سعید میں ہندوستان کے کئی علماء و مشائخ موجود تھے جن میں خیر الاذکیا علامہ محمد احمد مصباحی،سراج الفقہا مفتی محمد نظام الدین رضوی مصباحی،شیخ الادب علامہ نفیس احمد مصباحی،خطیب یورپ وایشیا حضرت مولانا مفتی مسعود احمد برکاتی مصباحی،استاذ العلما علامہ عبدالحق رضوی مصباحی،بدر الفقہاء مفتی بدر عالم مصباحی،جامع معقولات و منقولات مفتی محمد ناظم علی مصباحی،ماہر علم ریاضیات مفتی محمد نسیم مصباحی وغیرہ کے اسما قابل ذکر ہیں۔بالآخر یہ تقریب سعید شہزادہ حضور حافظ ملت حضرت علامہ شاہ عبدالحفیظ صاحب قبلہ سربراہ اعلی جامعہ اشرفیہ کے دعائیہ کلمات پر اختتام پذیر ہوئی۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا