یواین آئی
نئی دہلی؍؍اجودھیا میں رام مندر کی تعمیر کے لئے ملک کے کو نے کونے سے تقریباً دس کروڑ گھروں سے 2500کروڑ روپے سے زیادہ کی رقم اب تک حاصل ہوچکی ہے اور لوگ اب بھی عطیہ کررہے ہیں۔شری رام جنم بھومی تیرتھ نیاس کے مہامنتری اور وشو ہندو پریشد کے مرکزی نائب صدر چمپت رائے نے آج یہاں پریس کانفرنس میں کہا کہ گزشتہ پندرہ جنوری سے شروع ہوئی اس دنیا کی سب سے عوامی رابطہ مہم 27فروری کو جہاں مکمل ہوگئی وہیں مشرق سے مغرب اورشمال سے جنوب تک پورے ہندستان کے متحد بھی کرگئی۔مسٹر رائے نے کہاکہ مہم خواہ مکمل ہوگئی لیکن جو رام بھکت اس سے محروم رہے گئے وہ شری رام جنم بھومی تیرتھ نیاس کی ویب سائٹ کے ذریعہ اپنا عطیہ جمع کراسکتے ہیں۔ انہوں نے اس مہم کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ ہم چار لاکھ گاووں کے اپنے ہدف کو حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ شہری علاقوں کے تمام وارڈوں میں رابطہ ہوا ہے۔ اندازاً دس کروڑ کنبوں سے ہمارا رابطہ ہوا اور سماج کے ہر شعبہ سے عطیہ ملا۔