جموں وکشمیر میں صورتحال کا معمول کی طرف لوٹ آنا خوش آئند بات ہے:عاشق خان
لازوال ڈیسک
جموں ؍؍شیعہ فیڈریشن صوبہ جموں نے حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق کی رہائی کے فیصلہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاہے کہ جموں وکشمیر میں صورتحال کا معمول کی طرف لوٹ آنا خوش آئند بات ہے۔یہاں جاری ایک بیان کے مطابق فیڈریشن صدر عاشق حسین خان نے کہاکہ جموں وکشمیرمیں تعمیروترقی کے ساتھ ساتھ تمام حل طلب مسائل بھی حل کئے جائیں جس کیلئے ضروری ہے کہ سیاسی قیدیوں کو رہاکیاجائے اور دیگر قدغنیں بھی ختم کردی جائیں۔ان کاکہناتھاکہ پانچ اگست 2020کو کئے گئے فیصلے کے بعد جموں وکشمیر میں انٹرنیٹ اور مواصلاتی خدمات معطل کردی گئی تھیں جبکہ سیاسی لیڈران کونظر بند رکھاگیا لیکن آہستہ آہستہ صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں تاہم ساتھ ہی حل طلب مسائل بھی حل کئے جائیں جس کی وجہ سے لوگ کئی دہائیوں سے پسے جارہے ہیں اور اس خطے میں امن قائم نہیں ہورہا۔انہوں نے کہاکہ انہیں امید ہے کہ حکومت اعتماد سازی کے مزید اقدامات کرتے ہوئے عوام سے جڑے مسائل کو حل کرے گی اور ساتھ ہی تعمیروترقی پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی جس کے متعدد مرتبہ دعوے کئے جاتے رہے ہیں۔ان کاکہناتھاکہ بدقسمتی سے گزشتہ ڈیڑھ سال سے تعمیروترقی کے وہ کام کہیں نظر نہیں آئے جن کاڈھنڈورہ پیٹاگیاتھا اور عوامی مسائل جوں کے توں ہیں،جہاں روزگار کے مواقع مسدود ہوگئے ہیں وہیں زندگی کے ہر ایک شعبے سے جڑے عوام مشکلات کاشکار ہیں۔انہوں نے کہاکہ حکومت عارضی ملازمین کو فوری طور پر مستقل کرے اور دیگرنوجوانوں کو بھی روزگار بھی مواقع فراہم کئے جائیں۔