سرمایہ کاروں کو راغب کرنے اور صنعتکاری کو فروغ دینے کیلئے تمام اقدامات جاری:سنہا
سرینگر ؍؍متعدد وفود بشمول سابق وزیر ضلع ترقیاتی کونسل کے ارکان اور جمعتِ علما ویلفئیر فاؤنڈیشن کے ارکان آج یہاں راج بھون میں لفٹینٹ گورنر منوج سنہا سے ملے اور انہیں اپنے مسائل اور مانگوں سے آگاہ کیا ۔ سابق وزیر عمران رضا انصاری نے لفٹینٹ گورنر کو پٹن علاقے کے متعدد عوامی اہمیت کے حامل مسائل اٹھائے جن میں علاقے میں بجلی اور پینے کے پانی میں توسیع ، سڑک رابطوں اور صحت سہولیات کو مستحکم بنانا شامل تھا ۔ اسی طرح بڈگام ضلع کے ڈی ڈی سی ارکان پر مشتمل ایک وفد بھی ایل جی سے ملا اور انہیں اپنے مسائل سے روشناس کیا ۔ دریں اثنا جمعتِ علما ویلفئیر فاؤنڈیشن کا وفد بھی لفٹینٹ گورنر سے ملا اور انہیں اوقاف ملازمین کی فلاح و بہبود ، بیواؤں کی باز آباد کاری اور دیگر متعلقہ مسائل سے آگاہ کیا ۔ لفٹینٹ گورنر نے وفد کے ارکان کی جانب سے پیش کی گئی مانگوں کی بغور شنوائی کی اور انہیں یقین دلایا کہ اُن کی مانگوں اور مسائل کا بغور جائیزہ لے کر انہیں ترجیحی بنیاد پر حل کیا جائے گا ۔ ڈی ڈی سی ارکان کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ یو ٹی حکومت بلدیاتی مسائل کے ازالہ کیلئے جامع اقدامات اٹھا رہی ہے اور حال ہی میں تشکیل دئیے گئے ڈی ڈی سی اداروں کی امنگوں کو بھی پورا کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں ۔ بعد میں ایک صنعتکار نذیر احمد ترمبو بھی لفٹینٹ گورنر سے ملے اور انہیں کشمیر میں صنعتی شعبے کو مستحکم بنانے سے متعلق معاملات اٹھائے اور اُن کے ازالے کیلئے تجاویز بھی پیش کیں ۔ لفٹینٹ گورنر نے تبادلہ خیال کے دوران کہا کہ حکومت جموں کشمیر میں صنعتی شعبے کے فروغ کیلئے سرمایہ کاروں کو راغب کرنے اور صنعتکاری کو فروغ دینے کیلئے تمام اقدامات اٹھا رہی ہے ۔