چیف سیکرٹری نے بیک ٹو وِلیج پروگرام کے پانچویں مرحلے کی تیاریوں کاجائزہ لیا
لازوال ڈیسک
جموں؍؍چیف سیکرٹری اَرون کمار مہتا نے آج حکومت جموں و کشمیر کے سینئر اَفسران کی ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی جس میںبیک ٹو وِلیج کے پانچویں مرحلے کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا جو حکومت جموںوکشمیر کا فلیگ شپ عوامی رَسائی ، شرکت اور فیڈ بیک پروگرام ہے ۔ میٹنگ میںمحکمہ خزانہ کے اِنتظامی سیکرٹریوں، محکمہ جنرل ایڈمنسٹریشن ، محکمہ دیہی ترقی ترقی ، محکمہ اِنفارمیشن ٹیکنالوجی ،محکمہ ریونیو اور دیگر سینئر اَفسروں نے شرکت کی۔میٹنگ میں یہ اعلان کیا گیا کہ ’’ بیک ٹو وِلیج کا پانچویں مرحلے‘‘ کا اِنعقاد 7؍نومبر سے 16 ؍ نومبر 2023ء تک منعقد کیا جائے گا۔ اِس دوران پرابھاری اَفسران اَپنی متعلقہ پنچایتوں کا دورہ کریں گے ، عوام کے ساتھ بات چیت کریں گے اور گذشتہ اور موجودہ سال کی فراہمی کا جائزہ لیں گے،اِی خدمات کی رَسائی کو بہتر بنانے کے سلسلے میں خصوصی توجہ دی گئی ہے،شہریوں کی زیادہ سے زیادہ رسائی اور اِستعمال کے لئے صارف کے تجربے کے علاوہ قومی سطح پر تسلیم شدہ محکموں کی مختلف قابل ذِکر کامیابیوں کے بارے میں فیڈ بیک دیں گے ۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ بیک ٹو وِلیج کے گذشتہ ایڈیشنوں نے دیہات کی ضروریات کو پورا کرنے ، عوامی اہمیت کے کاموں کو ترجیح دینے، حکومت کی مختلف خدمات اور اَقدامات کے بارے میں بیداری پھیلانے کے علاوہ مختلف سرکاری خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے میں حکومت کی مدد کی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ سکل ڈیولپمنٹ اور خود روزگار سکیموں سے فائدہ اُٹھانے کے لئے اِستفادہ کنند گان بالخصوص نوجوانوں اور خواتین کی شناخت میں بھی مدد کی ہے اور بینکوں کے تعاون سے بے روزگار نوجوانوں کی بڑی تعداد کو خود روزگار کے مواقع فراہم کئے گئے ہیں۔ڈاکٹرارون کمار مہتا نے اس بات پر زور دیا کہ بیک ٹو وِلیج کے اِس ایڈیشن میںخود روزگار سکیموں کی تکمیل، جل جیون مشن کی عمل آوری میں پیش رفت، اولڈ ایجڈپنشن سکیم سمیت فلاحی سکیموں کی تکمیل ، کھیلوں، ثقافت، ڈیلیوری ایبل کے حصول کی پیش رفت،دیہاتوں میں بجلی کی دستیابی سمیت دیگر پیرامیٹروں پر توجہ مرکوز کی جائے گی جس کے لئے پرابھاری اَفسران کو ایک کتابچہ بھیجا جارہا ہے ۔ پورے ڈیٹا کو ڈیجیٹل طور پر جمع کیا جائے گا اور حکومت کی متعلقہ سطحوں پر نتیجہ خیز کارروائی کے لئے تجزیہ کیا جائے گا۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ محکمہ دیہی ترقی پرابھاری افسران کو ضروری تربیت فراہم کرے گا جو پہلی بار اِس پروگرام کو شروع کریں گے۔ اِس کے علاوہ ضلع ترقیاتی کمشنران اَپنے اَضلاع میں بیک ٹو وِلیج کا مرحلہ وار کام اَپنی اَپریشنل ضروریات کے مطابق کریں گے ۔بیک ٹو وِلیج پروگرام نے ایک طویل سفر طے کیا ہے اور اب یہ اپریشنل پنچایت پروگرام کا ایک جزو ہے۔ پنچایت ڈیولپمنٹ اِنڈکس حکومت جموںوکشمیر کے ذریعے عملانے والی ایک اور اِختراع ہے ۔ اِس پروگرام کا بنیادی مقصد عوام کو خدمات فراہم کرنا ہے۔اُنہوں نے ’بیک ٹو وِلیج‘ پروگرام میں عوام سے بھر پور شرکت کی اپیل کی کیوں کہ یہ اِس اقدام کی کامیابی کا صحیح اور حقیقی پیمانہ ہے۔