ایل جی نے دین محمد گنائی کے گائوں گونڈو کو دیکھنے کی خواہش کا اظہارکیا تھا،عوام میں خوشی کی لہر
محمد اسحٰق عارفؔ
اخیار پور؍؍لیفٹیننٹ گورنر جموں و کشمیر منوج سنہا کی موجودگی میںگذشتہ22فروری کو جموں کے گلشن گرائونڈ میں محکمہ باغبانی کی طرف سے منعقدہ صوبائی سطح کی پھلوں کی نمائش میں بھلیسہ کے علاقہ پنگل سے تعلق رکھنے والے دو باغبانوں کے تیار کردہ اخروٹوں کے نمونوں کو صوبہ جموں کے سب سے بہترین آخروٹ قرار دیا گیا ہے اور دونوں باغبانوں کو پہلے اور دوسرے انعام سے نوازا گیا ہے۔اس نمائش میں صوبہ جموں کے دس ہزار سے زائد باغبانوں نے شرکت کر کے اپنے اپنے تیار کردہ پھلوں کے نمونے پیش کئے تھے۔اس موقع پرریاستی،صوبائی اور ضلعی سطح کے اعلیٰ حکام کے علاوہ محکمہ کے سینکڑوں آفیسران و اہلکاران اور ماہرین کبھی موجود تھے۔ علاقہ پنگل کے گونڈو گائوں سے تعلق رکھنے والے دین محمد گنائی کے تیار کردہ اخروٹوں کو ماہرین نے سب سے بہترین اخروٹ قرار دے کر اُنہیں اول انعام کا مستحق قرار دیا جب کہ اسی علاقہ کے تیندلہ گائوں سے تعلق رکھنے والے جاوید احمد وانی نے دوسرا مقام حاصل کیاہے۔اس موقع پر لیفٹیننٹ گورنر نے اول نمبر کے آخروٹ تیار کرنے والے دین محمد گنائی کے گائوں گونڈو کو دیکھنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ جلد ہی اس گائوں کا دورہ کریں گے۔علاقہ کے لوگوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں باغبانوں نے علاقے کا نام روشن کیا ہے۔علاقہ کے لوگ اُنہیں مبارک باد پیش کر رہے ہیں اور اُمید ظاہر کی جا رہی ہے کہ اس سے علاقہ کے دیگر لوگوں کو بھی تحریک ملے گی جس سے علاقہ میں باغبانی کو فروغ حاصل ہو گا۔محکمہ باغبانی بھلیسہ کے آفیسران اور اہلکاران خصوصا وسیم ملک کے محنت اور کوشش کو بھی علاقے میں بڑے پیمانے پر سراہنا کی جا ری ہے۔