کشتواڑ میں پوجا ٹھاکر چیئرمین اور سائمہ پروین لون نائب چیئرمین منتخب
بابر فاروق
جموں؍؍نیشنل کانفرنس کے اْمیدواروں نے جمعرات کو رام بن اور کشتواڑ ضلع کونسلوں کے چیئر پرسنوں کا انتخاب جیت لیا۔نیشنل کانفرنس اْمیدوار پوجا دیوی نے کشتواڑ کونسل پر 8 ووٹ حاصل کرکے چیئر پرسن کی سیٹ پر جیت حاصل کرلی۔ اس کونسل کے نائب چیئر مین کا عہدہ کانگریس اْمیدوار سائمہ لون کے کھاتے میں گیا۔رام بن ضلعی کونسل کے چیئر پرسن کا عہدہ شمشاد بیگم نے 11ووٹ حاصل کرکے جیت لیا جبکہ اس کونسل کے نائب چیئر پرسن کا عہدہ آزاد اْمیدوار رابیہ بیگ کے حصے میں آیا۔قابل ذکر ہے کہ رام بن کے 3 آزاد اْمیدواروں بشمول بشیر رونیال نے گذشتہ روز نیشنل کانفرنس میں شمولیت اختیار کی۔ ضلع کشتواڑ میں ضلع ترقیاتی کونسل کے چیئرمین اور وائس چیئرمین منتخب کرنے کے لیے ضلع ترقیاتی کونسلروں کا اجلاس منعقد کیا گیاجس میں تمام چودہ کونسلروں نے شمولیت اختیار کی۔ وہیںضلع ترقیاتی کونسل کے چیئرمین عہدے کے لیے دو کونسلر انتخابات کے لیے سامنے آئے جس میں بلاک دچھن سے پوجا ٹھاکر اور حال ہی میں جموں وکشمیر اپنی پارٹی کا ہاتھ تھامنے والے بلاک ٹھاکرائی سے شریفہ بیگم شامل ہیں۔وہیں پوجا ٹھاکر نے آٹھ ووٹ حاصل کیے اور شریفہ بیگم نے چھ ووٹ حاصل کیے اور پوجا ٹھاکر ضلع ترقیاتی کونسل کی چیئرمین منتخب ہوئیں جبکہ نائبچیئرمین کے لیے تین امیدوار سامنے آئے جن میں سائمہ پروین لون، ہنس راج اور محمد ظفراللہ شامل ہیں۔اس موقع پر سائمہ پروین لون نے سات ووٹ حاصل کیے اور ضلع ترقیاتی کونسل کی نائب چیئرمین منتخب ہوئیںجبکہ ہنس راج نے پانچ اور محمد ظفراللہ نے دو ووٹ حاصل کیے۔ وہیںضلع ترقیاتی کمشنر کشتواڑ اشوک کمار شرما نے ضلع ترقیاتی دفتر کے کانفرنس ہال میں چیئرمین اور نائب چیئرمین کو حلف دلایا۔ حلف برداری کے دوران تمام کونسلر، ایڈیشنل ضلع ترقیاتی کمشنر کشتواڑ محمد حنیف ملک، اے ڈی سی کشتواڑ پون پریہار، جوائنٹ ڈائریکٹر پلانگ محمد اقبال، اے سی آر کشتواڑ ڈاکٹر عامر حسین کے علاوہ دیگر آفیسران بھی شامل تھے