پنچائیت دھڑا اے میں گورنمنٹ مڈل اسکول ہلہ کی عمارت ٹوٹ پھوٹ کی شکار
فرید احمد نائک
گندنہ؍؍ضلع ڈوڈہ کے زون گندنہ میں واقع گورنمنٹ مڈل اسکول ہلہ جو کہ علاقے کی پنچایت دھڑا اے میں واقع ہے مکمل طور پر ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو کر مکمل طور پر ناقابل استعمال بن چکی ہے۔ پانچ کمروں پہ مشتمل یہ عمارت تعمیر کے کچھ عرصہ بعد ہی منہدم ہو گئی تھی، لیکن دہائیوں قبل تعمیر کئے گئے دو کمرے جو لگ بھگ صحیح حالت میں موجود ہیں عملے اور طلاب کے لئے نا کافی ہیں۔علاؤہ ازین اس اسکول میں نہ تو کھیل کا میدان ہے اور نہ ہی چہار دیواری جس کی وجہ سے اسکول میں تعلیم حاصل کرنے والے طلباء کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔اس کے علاؤہ اسکول کی عمارت کے ساتھ تعمیر کئے گئے بیت الخلاء بھی ٹوٹ پھوٹ کے شکار ہو کر زمین بوس ہو چکے ہیں۔مقامی لوگوں کے مطابق اسکول میں پڑھنے والے بچوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ، انہوں نے مزید بتایا کہ وہ اس سلسلے میں متعدد بار شکایات لے کر حکام کے دروازوں پہ دستک دے چکے ہیں لیکن حکام ہر بار ان کی شکایات کوکو ایک کان سے سن کر دوسرے کان سے نکال دیتے ہیں۔مقامی لوگوں نے محکمہ تعلیم کے عہدیداران سے فوری طور پر اسکول کی عمارت کی مرمت اور دیوار بندی کرنے کی اپیل کی تاکہ اسکول میں پڑھنے والے بچے مصائب سے بچ سکیں۔