150 مزدوروں کے بہہ جانے کا خدشہ،ریسکیو آپریشن جاری،گنگا کے قریب تمام اضلاع میں ہائی الرٹ
لازوال ڈیسک
دہرادون؍؍ اتراکھنڈ کے چمولی میں گلیشیر ٹوٹ جانے سے بھاری تباہی ہونے کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔ گلیشیر ضلع کے رینی گاؤں کے قریب ٹوٹا ہے۔ حادثہ میں متعدد مکانات مسمار ہو گئے ہیں جبکہ یہاں چل رہے پروجیکٹ رشی گنگا کو بھی کافی نقصان پہنچا ہے۔ ریاست کے ڈیزاسٹر ریسپانس فورس کے ڈی آئی جی ردھم اگروال کے مطابق گلیشیر ٹوٹ کے سبب آنے والے سیلاب نے 150 کارکنان کو متاثر کیا ہے۔رشی گنگا کے 150 لاپتہ کارکنوں کی تلاش کے لئے ریسکیو آپریشن چلایا جا رہا ہے۔ آئی ٹی بی پی کے 100 سے زیادہ اہلکار امداد کے لئے پہنچ گئے ہیں۔ نشیبی علاقوں میں الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ یہ واقعہ صبح آٹھ سے نو بجے کے درمیان پیش آیا۔ گلیشیر کے چمولی ہوتے ہوئے رشی کیش تک پہنچنے کا خدشہ ہے۔ جوشی مٹھ سے سری نگر تک ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔جوشی مٹھ کی ایس ڈی ایم کم کم جوشی نے کہا کہ کہ تپوون میں این ٹی پی سی اور رشی گنگا کا پورا پروجیکٹ تباہ ہو چکا ہے اور ملبے میں تبدیل ہو چکا ہے، یہ ملبہ آہستہ آہستہ بہہ رہا ہے۔ چمولی، دیو پریاگ اور تمام دریائوں کے ساحل پر آباد تمام گائوں کی انتظامیہ کو اطلاع فراہم کر دی گئی ہے۔کم کم جوشی نے بتایا کہ آئی ٹی بی پی، ایس ڈی آر ایم اور فوج کے لوگوں کو وہاں تعینات کر دیا گیا ہے۔ جوشی مٹھ کی ایس ڈی ایم مذکورہ بالا علاقے کا دورہ کرنے کے لئے روانہ ہو گئی ہیں، وہ جائے حادثہ کا معائنہ کریں گی۔ تمام نشیبی علاقوں کے لوگں کو آگاہ کر دیا گیا ہے تاکہ لوگوں کو وہاں سے ہٹایا جا سکے۔ فی الحال، گاؤں سے کسی نقصان کے بارے میں کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔ جوشی مٹھ کی ایس ڈی ایم نے بتایا کہ گاؤں کے لوگ بتا رہے ہیں کہ ابھی وہاں سے آواز آ رہی ہے، کیونکہ مزید گلیشیر ٹوٹے ہیں۔ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔دوسری جانب اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے آج کہا کہ اتراکھنڈ میں نندا دیوی گلیشیر کا ایک حصہ رشی گنگا ندی پاور پروجیکٹ کے ڈیم پر گرنے سے الکانندا ندی میں آبی سطح اچانک بڑھ گئی ہے۔ باندھ ٹوٹنے سے پیدا ہونے والے حالات کے پیش نظر اترپردیش میں دریائے گنگا کے کنارے واقع اضلاع میں ہائی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔وزیر اعلی یوگی نے کہا کہ ریاست میں گنگا کے کنارے واقع اضلاع کے تمام مجسٹریٹ / سپرنٹنڈنٹ کو مستقل نگرانی کی ہدایات دی گئی ہیں۔ ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لئے حکومت اترپردیش نے ایس ڈی آر ایف کو بھی الرٹ کر دیا ہے۔ ریاست میں گنگا کے کنارے واقع اضلاع میں پانی کی سطح کی مستقل نگرانی کی جا رہی ہے۔ پانی کی سطح میں اضافہ ہونے کی صورت میں ضرورت پڑنے پر گنگا ندی کے کنارے رہنے والے لوگوں کو دوسرے مقامات پر منتقل کیا جائے گا۔ راحت اور بچاؤ کے لئے ہدایات دی گئی ہیں۔وزیر اعلی یوگی نے کہا کہ بحران کی اس گھڑی میں حکومت اترپردیش اتراکھنڈ کی حکومت کے ساتھ کھڑی ہے۔ اتراکھنڈ کی حکومت کو ضرورت پڑنے پر تمام ضروری مدد فراہم کی جائے گی۔ وزیر اعلی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی طرح کی افواہوں پر بھروسہ نہ کریں اور نہ ہی افواہ پھیلائیں۔ لوگوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے ندی کے کنارے نہیں جانا چاہیے۔ کسی بھی طرح کی ناخوشگوار صورتحال پیدا ہونے کی صورت میں ضلع انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔ اترپردیش حکومت تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے۔