اودھم پور سے چیننی تک قومی شاہراہ کی حالت انتہائی خستہ ،کہاایجنسی کی تعمیراتی کمپنیوں کے ساتھ ملی بھگت
لازوال ڈیسک
جموں؍؍جموں وکشمیر نیشنل پینتھرس پارٹی نے بدھ کے روز یہاں نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا کے خلاف کشمیر قومی شاہراہ کی خستہ حالی پر احتجاج درج کیا۔احتجاج مذکورہ ایجنسی کے خلاف نعری بازی کر رہے تھے۔ ان کا الزام تھا کہ مذکورہ ایجنسی کی تعمیراتی کمپنیوں کے ساتھ ملی بھگت ہے جس کی وجہ سے اودھم پور سے چیننی تک قومی شاہراہ کی حالت انتہائی خستہ ہے۔اس موقع پر پارٹی کے چیئرمین ہرش دیو سنگھ نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ اودھم پور سے چیننی تک قومی شاہراہ کی حالت بد سے بد تر ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس شاہراہ پر کوئی کام نہیں ہو رہا ہے اور جو وہاں تعمیراتی کمپنی لگی ہوئی ہے وہ سست رفتاری سے کام کر رہی ہے۔موصوف نے کہا کہ جموں سے جو گاڑیاں سری نگر، ڈوڈہ وغیرہ کے لئے روانہ ہوتی ہیں وہ اودھم پور سے چیننی تک قومی شاہراہ پر کئی گھنٹوں تک پھنس جاتی ہیں جس کی وجہ سے وہاں رہائش پذیر لوگوں کو مشکلات سے دوچار ہونا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے کئی بار یہ مسئلہ متعلقہ حکام کی نوٹس میں لایا لیکن کوئی موثر کارروائی انجام نہیں دی جا رہی ہے۔موصوف نے الزام لگایا کہ مذکورہ ایجنسی کی تعمیراتی کمپنیوں کے ساتھ ملی بھگت ہے جس کی وجہ سے کام نہیں ہو رہا ہے۔