سنیکت مورچہ نے کہا۔ انہیں ہم نے پہلے ہی نکال دیا تھا
لازوال ڈیسک
نئی دہلی؍؍ یوم جمہوریہ کے موقع پر نکالی گئی کسان ٹریکٹر ریلی کے دوران مچے ہنگامہ اور تشدد کے بعد کسان تحریک میں پھوٹ پڑ گئی ہے۔ راشٹریہ کسان مزدور سنگٹھن کے لیڈر وی ایم سنگھ نے بھارتیہ کسان یونین کے لیڈر راکیش ٹکیت پر سنگین الزام لگاتے ہوئے خود اور اپنی تنظیم کو اس تحریک سے الگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنی تحریک یہیں ختم کرتے ہیں۔ ہماری تنظیم اس سے الگ ہے۔ادھر، بھارتیہ کسان یونین کے قومی صدر بھانو پرتاپ سنگھ نے بھی خود کو تحریک سے الگ کر لینے کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں کل دلی میں ہوئے واقعہ سے اتنا دکھی ہوں کہ میں اسی وقت سے اعلان کرتا ہوں کہ میں اپنی تنظیم کے احتجاج کو ختم کرتا ہوں۔راشٹریہ کسان مزدور سنگٹھن کے لیڈر وی ایم سنگھ نے کہا کہ جو ساتھی اب اس تحریک سے ہٹنا چاہتے ہیں، وہ ہٹ جائیں۔ یہ تحریک اس شکل میں میرے ساتھ نہیں چلے گی۔ ہم یہاں نہ شہید کرنے اور نہ اپنے لوگوں کو پٹوانے کے لئے آئے ہیں۔ ہم ان لوگوں کے ساتھ تحریک نہیں چلا سکتے جن کی سمت الگ ہو۔ راکیش ٹکیت نے ایک بار بھی گنا کسانوں کی بات نہیں اٹھائی۔ انہوں نے ایک بار بھی دھان خریف کی کوئی بات نہیں کی۔