’جموں و کشمیر کی ایک ایک انچ زمین کی حفاظت کی ذمہ داری لیتا ہوں‘

0
0

اس سرزمین پر پڑوسی ملک کی سیاسی اور ناپاک سازشوں کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا: لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا
یومِ جمہوریہ تقریبات 2021 ۔لفٹینٹ گورنر منوج سنہا نے یومِ جمہوریہ تقریب پر قومی جھنڈا لہرایا
لازوال ڈیسک

جموں؍؍جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے نئے اراضی قوانین سے پیدا شدہ خدشات کے تناظر میں کہا ہے کہ ‘میں لوگوں کی ایک ایک انچ زمین کی حفاظت کی ذمہ داری لیتا ہوں’۔انہوں نے کہا کہ نئے اراضی قوانین زرعی اور انڈسٹریل ڈیولپمنٹ کے لئے متعارف کرائے گئے ہیں اور بقول ان کے پرانے قوانین کو اس لئے ختم کیا گیا ہے کیونکہ وہ ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈال رہے تھے۔لیفٹیننٹ گورنر نے ان باتوں کا اظہار منگل کو یہاں 72 ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر مولانا آزاد اسٹیڈیم میں منعقدہ یونین ٹریٹری سطح کی سب سے بڑی پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ان کے مشیر و صلاح کار، سیاسی جماعتیں کے لیڈران، سیول و پولیس انتظامیہ کے عہدیداروں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔منوج سنہا نے کہا: ‘جموں و کشمیر میں زرعی اور انڈسٹریل ڈیولپمنٹ کے لئے نئے اراضی قوانین متعارف کئے گئے ہیں۔ پرانے قوانین، جو ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈال رہے تھے، کو ختم کیا گیا ہے۔ صنعتی ترقی کو یقینی بنانے کے لئے بڑے پیمانے پر لینڈ بینک قائم کیا جا رہا ہے’۔ان کا مزید کہنا تھا: ‘ہمیں خوشی ہے کہ رواں سال مارچ تک دو بڑے اور پانچ چھوٹے انڈسٹریل اسٹیٹ قائم کی جا رہی ہیں۔ سبھی افواہوں اور خدشات کو خارج کرتے ہوئے میں آپ کی ایک ایک انچ زمین کی حفاظت کی گارنٹی لیتا ہوں’۔لیفٹیننٹ گورنر نے پاکستان کا نام لئے بغیر کہا کہ ‘ہم سبھی لوگوں کو بھروسہ دلانا چاہتے ہیں عظیم افراد اور جانبازوں کی اس سرزمین پر پڑوسی ملک کی سیاسی اور ناپاک سازشوں کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا’۔ان کا مزید کہنا تھا: ‘سکیورٹی ایجنسیوں نے تشدد پر بہت حد تک قابو پا لیا ہے۔ جو پراکسی وار کے ذریعے اپنے سیاسی مقاصد پورا کرنا چاہتے ہیں ان کو منہ توڑ جواب دیا جا رہا ہے اور ان کے ناپاک مقاصد کو کبھی پورا نہیں ہونے دیا جائے گا’۔منوج سنہا نے کہا کہ جموں و کشمیر میں حال ہی میں متعارف کی گئی نئی صنعتی پالیسی کی بدولت آنے والے برسوں میں ساڑھے چار سے پانچ لاکھ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا: ‘رواں سال کے ابتدا میں ہم نے یہاں 28 ہزار 400 کروڑ روپے مالیت کی انڈسٹریل پالیسی متعارف کرائی۔ یہ پالیسی 2037 تک چلے گی۔ اس انڈسٹریل پالیسی نے پھر سے امیدوں کی شمعیں جلائی ہیں۔ اس کے ذریعے ہم آنے والے برسوں میں ساڑھے چار سے پانچ لاکھ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے جا رہے ہیں’۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جموں و کشمیر میں ہم نے اعلانات کو بند کر کے ترقی کا نیا نعرہ ‘وعدہ نہیں ارادہ’ دیا ہے۔ پچھلے پانچ ماہ کے دوران جس رفتار سے ترقیاتی پروجیکٹوں پر کام ہوا ہے شاید یہاں کے لوگوں نے یہ رفتار کبھی نہیں دیکھی تھی۔ان کا مزید کہنا تھا: ‘کٹرہ – بانہال ریلوے سیکشن پر جاری کام کو اگست 2022 تک پورا کر لیا جائے گا۔ جب ملک 75 واں یوم آزادی منائے گا تو کشمیر ریلوے لائن کے ذریعے کنیا کماری سے جڑ جائے گا۔ جموں میں 23 کلو میٹر اور کشمیر میں 25 کلو میٹر میٹر لائن پر بہت جلد کام شروع ہو جائے گا’۔منوج سنہا نے کہا کہ حکومت مہاجر کشمیری پنڈتوں کی باعزت کشمیر واپسی اور بازآبادکاری کے لئے وعدہ بند ہے۔ان کا مزید کہنا تھا: ‘مہاجر کشمیری پنڈتوں کو چھ ہزار نوکریاں فراہم اور ان کے لئے چھ ہزار گھر مقررہ وقت کے اندر ہی تعمیر کر لئے جائیں اس سمت میں بھی ہم کام کر رہے ہیں’۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جموں و کشمیر میں انتظامیہ نے رشوت خوری کے خلاف زیروٹالرنس کی پالیسی اپنائی ہے۔انہوں نے کہا: ‘پچھلے چند ماہ کے دوران کرپٹ افراد کے خلاف کی گئی کارروائیوں نے انتظامیہ کے ارادوں کو واضح کر دیا ہے۔ رشوت خوری سے نمٹنا ایک مجموعی ذمہ داری ہے۔ جموں و کشمیر کے کونے کونے میں اینٹی کرپشن کے دفاتر کھولے جا رہے ہیں تاکہ انتظامیہ کو صاف و ستھرا بنایا جائے’۔لفٹینٹ گورنر نے پریڈ کا معائینہ کیا اور مارچ پاسٹ پر سلامی لی ۔ جے کے پولیس کی جانب سے پیش کئے گئے موٹر سائیکل کرتبوں کے علاوہ نوجوانوں کی جانب سے موسیقی ، ثقافتی اور کھیل کود سرگرمیوں کا مظاہرہ پروگرام کی اہم خصوصیات تھیں ۔ مختلف سکولوںسے وابستہ سینکڑوں طلاب نے ثقافتی پروگرام پیش کئے جو قومی یکجہتی اور جموں کشمیر یونین ٹیر ٹری کے مایہ ناز مخلوط ثقافت کا عکاس تھیں ۔ فوج ، بی ایس ایف ، سی آر پی ایف ، ایس ایس بی ، جے کے اے پی /آئی آر پی ، جموں کشمیر پولیس کے خواتین دستے ، ڈیساسٹر رسپانسڈ دستے ، جموں کشمیر فائیر اینڈ ایمر جنسی سروسز ، جموں کشمیر فارسٹ پروٹیکشن فورس ، ایکسائیز محکمہ ، سابق فوجی ، این سی سی ، لڑکے اور لڑکیاں ، بھارت سکاؤٹس اینڈ گائیڈس لڑکے اور لڑکیاں ، مختلف سکولوں کے لڑکے اور لڑکیاں ، فوج ، بی ایس ایف ، جموں کشمیر پولیس ، جموں کشمیر آرمڈ پولیس کے بینڈ اور درجنوں سکولی طلاب نے پریڈ میں شرکت کی ۔ اس سے قبل لفٹینٹ گورنر نے بلیدان ستمبھ اور پولیس شہداء یاد گار پر پھولوں کے گلدائیرے چڑھائے اور ملک کے لئے اپنی جانیں قربان کرنے والے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم وردی میں ملبوث اپنے لوگوں کے ہمیشہ رہینِ منت رہیں گے جنہوں نے بھارت کی سالمیت اور اقتدار اعلیٰ کے تحفظ کیلئے عظیم قربانیاں پیش کیں ۔ خاتونِ اول کے علاوہ یومِ جمہوریہ تقاریب میں جموں کشمیر ہائی کورٹ کے چیف جسٹس ، سٹیٹ الیکشن کمشنر ، لفٹینٹ گورنر کے مشیران ، جموں کشمیر ہائی کورٹ کے جج صاحبان ، جموں میونسپل کارپوریشن کے مئیر ، ارکانِ پارلیمان ، چیف سیکرٹری ، ڈی جی پی ، بلدیاتی اور پنچائتی راج اداروں کے منتخبہ ارکان ، سابق قانون ساز ، سینئر سول ، پولیس اور فوجی افسران ، سی آر پی اور سماجی کارکن ، زندگی کے ہر طبقے سے تعلق رکھنے والے معروف شہری ، میڈیا افراد اور عام لوگ موجود تھے ۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا