سری نگر؍؍لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان نے آج سری نگر شہر کا دورہ کیا جس کے دوران انہوں نے مختلف مقامات اور علاقوں کا دورہ کر کے وہاں جاری ترقیاتی کاموں اور سری نگر میں سیاحتی مقامات پر سیاحوں کی سہولیات میں اضافہ کرنے کے منصوبوںپر کام کا جائزہ لیا۔ مشیر بصیر خان نے دورے کا آغاز پیرزو سے کیا جہاں اُنہوں نے حال ہی میں شامل کی گئی کشتیوں اور دریائے جہلم میں آبی ٹرانسپورٹ کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ اِس موقعہ پر مشیر موصوف نے محکمہ تعمیراتِ عامہ کو حبہ کدل پر دریا کے کناروں سے کوڑا کرکٹ صاف کرنے کے لئے کہا جس کے سبب دریا کا بہائو متاثرہ ہو رہا ہے۔مشیر نے وہاں سے بابا ڈیمب آب گاہ کا دورہ کیا جہاں اُنہوں نے فواروں کی تنصیب اور آب گاہ کی دیدۂ ذیبی کے لئے کئے گئے دیگر کاموں کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے متعلقہ آفیسر کو آب گاہ میں کشتیاں متعارف کرنے اور وہاں آبی کھیل موسم بہار کا آغاز ہوتے ہی شروع کرنے کے لئے کہا۔ اُنہیں بتایا گیا کہ علاقے میں فلائی مارکیٹ ، فوڈ سٹریٹ ، پگڈنڈی ، باندھ ، لائٹنگ ، ٹھوس کوڑا کرکٹ کو ٹھکانے لگانے، پارکنگ کی جگہ اور سیاحوں کے لئے باباڈیمب میں بنچوں کی تنصیب کی ترقی پر 8.25کروڑ روپے صرف کئے گئے ہیں ۔ مشیر بصیر خان نے وہاں سے نگین کلب کا بھی دورہ کیا جہاں انہیں سیاحتی سرگرمیوں ، سیاحوں کی آمد ، باغ کی دیکھ ریکھ اور دیگر متعلقہ معاملات کے بارے میں جانکاری دی گئی۔رائل سپرنگس گالف کورس چشمہ شاہی کے دورے کے دوران مشیر کو گالف سے متعلق سرگرمیوں کے بارے میں جانکاری دی گئی ۔ اس موقعہ پر مشیر خان کو بتایا گیا کہ مختلف ترقیاتی کاموں کے لئے 4.10 کروڑ کی رقم صرف کی گئی ہے۔ اُنہیں بتایا گیا کہ سینسرلائیٹس کی تنصیب ، واٹر لفٹ پمپ ،فٹ پاتھ کی تعمیر،رائیل سپرنگ گالف کورس کی اندرونی سڑکوں پر میکڈم بچھانا شامل ہیں ۔انہیں بتایا گیا کہ یہ تمام کام پایۂ تکمیل تک پہنچائے گئے ۔ انہیں مزید بتایا گیا کہ گالف کورس کے لئے چھ بیٹری سے چلنے والی گالف کارٹس حاصل کئے گئے ہیں۔دورے کے دوران مشیر کو بتایا گیا کہ محکمہ سیاحت کشمیر کی جانب سے شکارا گھاٹوں کی تعمیر و ترقی پر 450لاکھ روپے صرف کئے گئے ہیں۔ مشیر نے دیگر سیاحتی مقامات کا بھی دورہ کر کے وہاں جاری کاموں کا بھی جائزہ لیا۔دورے کے دوران مشیر کے ہمراہ صوبائی کمشنر ، ناظم سیاحت کشمیر اور دیگر متعلقہ افسران بھی تھے۔بعد میں مشیربصیر احمد خان نے سول سیکرٹریٹ سری نگر میں متعدد افرااوروَ فود سے ملے ۔ جنہوں نے انہیں اپنے مسائل سے آگاہ کیا ۔ مشیر نے انہیںبغور سنا اور انہیں یقین دِلایا کہ اُن کے جائز مسائل ترجیحی بنیاد پر پورے کئے جائیں گے۔