ثابت ہو گیا بالاکوٹ سٹرائیک بی جے پی کو انتخابات میں فائدہ پہنچانے کے لئے کی گئی تھی: محبوبہ مفتی
’قومی سلامتی اور یادگار اہمیت کے مسائل کو ٹی آر پی تماشہ تک محدود کر کے رکھ دیا گیا‘
یواین آئی
سرینگر؍؍پی ڈی پی صدر و سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا کہ آج ہمارے موقف کی تصدیق ہوئی ہے کہ بالاکوٹ سٹرائیک بی جے پی کو انتخابات میں فائدہ پہنچانے کے لئے کی گئی تھی نہ کہ پلوامہ حملے کے شہیدوں کے خون کا بدلہ لینے کے لئے۔انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی اور یادگار اہمیت کے مسائل کو ٹی آر پی تماشہ تک محدود کر کے رکھ دیا گیا ہے جس کا مقصد بی جے پ کو فائدہ پہنچانا اور غلط بیانیہ پیدا کرنا ہے۔محبوبہ مفتی نے ری پبلک ٹی وی کے ایڈیٹر ان چیف ارنب گوسوامی کی 2019 میں پلوامہ حملے کے بعد کی جانے والی بالاکوٹ سٹرائیک سے متعلق واٹس ایپ پر ہونے والی بات چیت منظر عام پر آنے سے پیداہ شدہ تنازع پر پیر کے روز کم از کم تین ٹوئٹس کیں۔انہوں نے لکھا: ‘سنہ 2019 میں جس کسی نے بھی بالاکوٹ سٹرائیک کرنے کے وقت پر سوال اٹھایا اس پر تنقید کی گئی اور قوم دشمن قرار دیا گیا۔ آج ہمارے موقف کی تصدیق ہوئی کہ یہ سٹرائیک ایک مخصوص سیاسی جماعت کو انتخابات میں فائدہ پہنچانے کے لئے کی گئی تھی نہ کہ پلوامہ حملے کے شہیدوں کے خون کا بدلہ لینے کے لئے’۔انہوں نے کہا: ‘جولائی 2019 میں حکومت ہندوستان نے کشمیر میں لاکھوں فوجی تعینات کئے اور سیاحوں کو یہاں سے نکالا۔ ان کارروائیوں کو جواز بخشنے کے لئے کہا گیا کہ پاکستان کی طرف سے حملے کا خطرہ ہے اور یوں دنیا سے جھوٹ بولا گیا۔ حقیقت صرف بی جے پی کے پالتو اینکر جانتے تھے’۔ محبوبہ مفتی نے اپنی تیسری ٹوئٹ میں حکومت اور ارنب گوسوامی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ قوم جاننا چاہتی ہے کہ ان چیزوں کی قیمت کس کو چکانی ہے؟۔انہوں نے لکھا: ‘قومی سلامتی اور یادگار اہمیت کے مسائل کو ٹی آر پی تماشہ تک محدود کر کے رکھ دیا گیا ہے جس کا مقصد بی جے پ کو فائدہ پہنچانا اور غلط بیانیہ پیدا کرنا ہوتا ہے۔ ناظرین کو جعلی خبروں اور ملک کے اندر و باہر پیدا کئے جانے والے خیالی دشمنوں سے نفرت کا عادی بنایا جا رہا ہے۔ قوم جاننا چاہتی ہے کہ اس کی قیمت کس کو چکانی ہے؟’۔