متعلقہ محکموں کو ٹس سے مس نہیں ،عوام پریشان
لازوال ڈیسک
پونچھ ؍؍تحصیل مینڈھر کی پنچایت گورسائی کے بیشتر علاقے میں باقاعدگی سے پانی اور بجلی کی فراہمی کا فقدان ہے۔ پینے کا پانی لانے کے لئے لوگوں کو کئی میل پیدل چلنا پڑتا ہے۔ مذکورہ بالا علاقہ کے مقامی رہائشی سید اسرار شاہ نے حکومت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے متعلقہ حکام کے سامنے بار بار اپنے معاملات رکھے کہ ہمارے زیادہ تر علاقے بھڈھڑا ، جبران اور روہنی والا میں پانی کی قلت کا سامنا ہے لیکن آج تک ہمارے مسائل کا ازالہ نہ ہو سکا۔ انہوں نے کہا کہ سال 2010۔ 2011 میں گورسائی نالہ سے مسوری والا تک واٹر لفٹ اسکیم بھی لگائی گئی تھی ، مذکورہ علاقے کو ملحق رکھنے کے لئے اس کے ملحقہ علاقے اور پائپوں کو کھیت میں بچھا دیا گیا تھا لیکن آج تک وہ پائپ خالی پڑی ہوئی ہیں اور لفٹ سسٹم کا بیشتر مواد متعلقہ محکمہ کی غفلت کی وجہ سے موقع سے لاپتہ ہے اور اس کے نتیجے میں تقریبا 1500 خاندانوںکو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ یہاں پانی کی قلت نے لوگوں کی زندگی کو کافی متاثر کیا ہے۔ انہوں نے اس سلسلے میں ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ عوامی مسائل کا ازالہ کیا جائے ۔