’قوم صرف مٹی ، پانی ، کنکر ، پتھر سے نہیں بنتی‘
کورونا کا پہلا ٹیکہ طبی اہلکاروں کولگا کرسماج اپنا قرض ادا کررہا ہے : مودی
لازوال ڈیسک
نئی دہلی؍؍وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کو کورونا وائرس کے خلاف ملک بھر میں ویکسی نیشن مہم (کووڈ۔19) کا آغاز کیا۔ہفتہ کے روز ملک بھر میں تین لاکھ افراد کو ویکسی نیٹ کئے جارہے ہیں۔ اس مہم کے پہلے مرحلے میں تین کروڑ افراد کو ویکسی نیشن کئے جائیں گے۔آج دنیا کی سب سے بڑی و یکسی نیشن مہم کا آغاز کرتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا ،’’ "آج پورا ملک بے تابی سے اس دن کا انتظار کر رہا ہے۔ کتنے مہینوں سے ملک کے ہر گھر میں بچوں ، بوڑھوں اور جوانوں کی زبان پر یہ سوال تھا کہ آخر کورونا کی ویکسین کب آئے گی۔ اب بہت ہی کم وقت میں کورونا ویکسین آگئی ہے۔ ہندوستان میں آج سے دنیا میں سب سے بڑی ویکسی نیشن مہم شروع ہورہی ہے۔ اس کے لئے ملک کے عوام کو بہت ساری مبارکباد‘‘۔ "وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ کورونا ٹیکہ کاری مہم کے پہلے مرحلے میں تین کروڑطبی اہلکاروں کو ٹیکے لگا کر سماج ان کا قرض ادا کررہا ہے۔مسٹرمودی نے ا ٓج دنیا کی سب سے بڑی ویکسینیشن مہم کا آغاز کرتے ہوئے کورونا کے خلاف جنگ میں طبی اہلکاروں کی خودسپردگی اور قربانی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ قوم صرف مٹی ، پانی ، کنکر ، پتھر سے نہیں بنتی۔ قوم کا مطلب ہے ہمارے لوگ۔ کورونا کے خلاف لڑائی کو پورے ملک نے اسی جذبے کے ساتھ لڑا ہے۔انہوں نے کہا ’’ آج جب ہم گزرے ہوئے برسوں کو دیکھتے ہیں، ایک فرد کی حیثیت سے ، ایک کنبہ کے طورپر اور ایک ملک کی حیثیت سے ہم نے بہت کچھ دیکھا ، جانا ہے اور سمجھا ہے‘‘۔انہوں نے جذباتی ہوتے ہوئے کہا ’’آج ہندوستان جب اپنی ٹیکہ کاری مہم شروع کر رہا ہے ، تو میں ان دنوں کو بھی یاد کر رہا ہوں ، کورونا بحران کا وہ دور ، جب ہر کوئی چاہتا کہ وہ کچھ کرے لیکن اس کو اتنے راستے نہیں دکھائی دیتے۔ عام طور پر بیمار شخص کی دیکھ بھال کے لئے پورا کنبہ مصروف ہو جاتا ہے ، لیکن اس بیماری نے تو بیمار کو ہی اکیلا کر دیا ہے۔ کئی جگہوں پر بیمار بچوں کو ماں سے الگ کردیا گیا۔ ماں روتی تھی لیکن چاہ کر کے کچھ نہیں کر سکتی تھی ‘‘۔