لازوال ڈیسک
نئی دہلی؍؍ امریکہ کے نومنتخب صدر جو بائیڈن نے اپنی ٹیم میں ایک اور ہند نژاد خاتون کو جگہ دی ہے۔ بائیڈن کی اقتصادی ٹیم میں جگہ پانے والی سمیرا فاضلی بنیادی طور پر کشمیر کی رہنے والی ہیں۔ وہ اس سے پہلے سابق صدر براک اوبامہ کے ساتھ بھی کام کر چکی ہیں۔ انہیں اوباما کا انتہائی قریبی سمجھا جاتا تھا۔ غور طلب ہے کہ منتخب ہونے کے بعد سے ہی جو بائیڈن مسلسل اپنی ٹیم بنا رہے ہیں۔ ٹیم میں انہوں نے کئی ہندنژاد لوگوں کو جگہ دی ہے۔ بائیڈن کے ساتھ امریکی تاریخ میں پہلی بار ہند نڑاد خاتون کملا ہیرس نائب صدر بنیں گی۔بائیڈن کی طرف سے جمعرات کو یہ اعلان کیا گیا کہ اب فاضلی بھی ان کی اقتصادی ٹیم کا حصہ ہوں گی۔ تین بچوں کی ماں فاضلی اس سے پہلے فیڈرل بینک آف اٹلانٹا میں ‘ ڈائریکٹر آف انگیجمنٹ فار کمیونٹی اینڈ اکنامک ڈیولپمنٹ’ بھی رہ چکی ہیں۔ اس سے پہلے وہ وائٹ ہاوس کی نیشنل اکنامک کونسل میں بھی اہم عہدے پر کام کر چکی ہیں۔فاضلی نے ہارورڈ کالج اور ایل لا اسکول سے تعلیم حاصل کی ہے۔ انہوں نے اپنے کیرئیر کا آغاز ایل لا اسکول میں کلینیکل لیکچرار کے طور پر کیا تھا۔ اس کے علاوہ وہ ٹریزری ڈیپارٹمنٹ میں پالیسی کو لے کر بھی کام کر چکی ہیں۔ فاضلی سے پہلے کشمیر کی آسیہ شاہ کو بھی بائیڈن نے اپنی ٹیم میں جگہ دی تھی۔ انہیں وائٹ ہاوس ڈیجیٹل اسٹریٹجی ٹیم میں اہم رول دیا گیا ہے۔بتا دیں بائیڈن آئندہ 20 جنوری کو امریکہ کے صدر عہدے کا حلف لینے والے ہیں۔ اس سے پہلے انتخابات کو لے کر ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں کی طرف سے کافی ہنگامہ کیا جا چکا ہے جس کی عالمی سطح پر مذمت کی گئی ہے۔خود ڈونلڈ ٹرمپ اسے لے کر بڑی مشکلوں میں گھر چکے ہیں۔ حالانکہ، کافی مانگ کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے دو بار اپنے حامیوں سے تشدد نہ کرنے کی اپیل کی تھی۔