زیوا ہلال
اننت ناگ // جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ اور کولگام کے مختلف علاقوں کی سڑکوں پر 7روز بعد بھی بھاری برف جمع ہے جبکہ اہم سڑکوں پر بیچ میں محض 6فٹ جگہ سے برف ہٹانے کا کام کیا گیا جس کے باعث اکثر جگہوں پر ٹریفک جام لگا رہتا ہے۔نمائندے کے مطابق جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ اور ضلع کولگام کی سڑکوں سے متعلقہ محکمہ برف ہٹانے میں ناکام ہوچکا ہے جس کے نتیجے میں دونوں اضلاع کی سڑکیں زیر برف ہے اورلوگوں کا عبور و مرور دشوار بن گیا ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق اہم سڑکوں سے اگرچہ بیچ میں 6سے 8فٹ جگہ سے برف ہٹائی گئی ہے تاہم سڑکوں کے دونوں کناروں پر بھاری برف جمع رہنے کی وجہ سے ان سڑکوں سے گزرنے والی گاڑیاں گھنٹوں لائنوں میں درماندہ ہوکے رہ جاتی ہیں اور گھنٹوں ٹریفک جام رہتا ہے۔ جس کی وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ لوگوں نے کہا ہے کہ سڑکوں پر برف جمع رہنے کی وجہ سے لوگ ایک جگہ سے دوسری جگہ جانے سے محروم ہوچکے ہیں جبکہ مریضوں کو ہسپتالوں تک پہنچانے میں بھی دشواریاں پیش آرہی ہے۔ مقامی لوگوں نے کہا کہ اگرچہ کہیں کہیں پر برف ہٹانے کا کام شروع کیا گیا تاہم وہ نہ ہونے کے برابر ہے۔مقامی لوگوں نے کہا کہ اننت ناگ اور کولگام کے دیگر لنک روڑوں پر ابھی بھی کئی فٹ برف جمع ہے جو لوگوں کیلئے باعث پریشانی ہے۔ لوگوں نے اس سلسلے میں متعلقہ حکام اور ضلع انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ ان اضلاع کی سڑکوں سے برف ہٹانے کیلئے فوری طور پر اقدامات اْٹھائیں۔ادھر یوتھ کانگریس لیڈر میر نصیر احمد نے نمائندے سے بات کرتے ہوئے کہاکہ حلقہ انتخاب ڈورو شاہ آباد کی بیشتر رابطہ سڑکیں 7 روز گذر جانے کے بعد بھی بند پڑی ہوئی ہے اوراْن علاقوں میں لوگوں کو برف نہ ہٹانے کے سبب سخت مشکلات درپیش ہے۔انہوں نے کہاکہ اگرچہ اہم رابطہ سڑکوں پر برف ہٹایا گیا تاہم اْس میں بھی لیت ولعل سے کام لیا جارہا ہے اور صیح طریقے سے سڑکوں پر برف نہیں ہٹایا گیا جس کی وجہ سے گھنٹوں تک گاڑیاں سڑکوں پر پھنس جاتے ہیں۔میر نصیر نے ایل جی انتظامیہ سے اپیل کی کہ ضلع اننت ناگ بالخصوص حلقہ انتخاب ڈورو شاہ آباد کی تمام رابطہ سڑکوں سے جلد از جلد برف ہٹایا جائے تاکہ لوگوں کو خاص کر بزرگوں ، بچوں اور خواتینوں کو چلنے پھرنے میں کوئی بھی مشکلات پیش نہ آئے۔ساتھ ہی انہوں نے محکمہ بجلی سے بھی اپیل کی کہ علاقہ ڈورو شاہ میں شڈول کے مطابق صارفین کو بجلی فراہم کیا جائے۔