واشنگٹن //عالمی وبا کورونا وائرس (کووڈ-19) سے شدید طور سے دوچار امریکہ میں اس موذی وبا سے اب تک 3.72 لاکھ مریض ہلاک ہوچکے ہیں۔
امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے سینٹر فار سائنس اینڈ انجینئرنگ (سی ایس ایس ای) کے جاری کردہ تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق امریکہ میں کورونا سے اموات کی تعداد 3،72،384 جبکہ متاثرین کی تعداد 2،21،29،231 ہوچکی ہے۔
امریکہ کی نیو یارک ، نیو جرسی اور کیلیفورنیا جیسی ریاستیں کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہیں۔ صرف نیو یارک میں ہی 39،471 مریض کورونا وائرس سے ہلاک ہوئے۔ اس وبا کی وجہ سے اب تک نیو جرسی میں 19،854 ، کیلیفورنیا میں 29،627 ٹیکساس میں 30،313 افراد اپنی زندگیوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں ، جبکہ فلوریڈا میں کووڈ 19 سے 22،804 مریضوں نے اپنئ جانیں گنوا دی ہیں۔ اس کے علاوہ ، ایلی نوائے میں 19،210 ، مشی گن میں 14،145 ، میساچوسیٹس میں 13،074 اور پنسلوانیا میں 17،626 مریض لقمہ اجل بن چکے ہیں۔
برطانیہ میں پائے جانے والے کورونا وائرس کے نئے اسٹرین کی تصدیق کیلیفورنیا ، کولوریڈو اور فلوریڈا میں کی گئی ہے۔ کورونا وائرس کا یہ نیا اسٹرین 70 فیصد زیادہ متعدی ہے۔
اہم بات یہ ہے کہ ملک میں فائزر اور میڈارنا کی کورونا ویکسین کی منظوری کے بعد ویکسی نیشن کی مہم بھی بڑے پیمانے پر شروع ہوگئی ہے۔