سردیوں کا بادشاہ چالیس روزہ چلہ کلان عالم شباب میں ہے،اہلیان وادی گونا گوں مشکلات سے دوچار
لازوال ڈیسک
سرینگر؍؍محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین بر عکس وادی کشمیر میں ہفتے کی صبح تازہ برف باری شروع ہوئی جس سے معمولات زندگی ایک بار پھر متاثر ہو کر رہ گئے۔وادی میں تازہ برف باری کے پیش نظر جہاں سری نگر ہوائی اڈے پر پروازوں کا سلسلہ ایک بار پھر متاثر ہوا وہیں سڑکوں پر پھسلن کی وجہ سے زمینی ٹرانسپورٹ بھی متاثر ہو کر رہ گیا۔ائر پورٹ ذرائع نے بتایا کہ تازہ برف باری کے پیش نظر سری نگر ہوائی اڈے پر کئی پروازوں کو ملتوی یا موخر کیا گیا ہے۔انہوں نے مسافروں سے متعلقہ اتھارٹی کے ساتھ رابطے میں رہنے کی اپیل کی۔محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ہفتے کے روز ایک بجے تک گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم و بیش چھ انچ تازہ برف جمع ہوئی تھی۔سری نگر میں تازہ برف باری سے سڑکوں پر پھلسن پیدا ہوئی تھی جس سے ٹرانسپورٹ کی نقل و حمل متاثر رہی۔یو این آئی کے ایک نمائندے نے سری نگر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد بتایا کہ سڑکوں پر اس قدر پھسلن پیدا ہوئی تھی کہ گاڑیاں نہ صرف کچھوے کی رفتار سے چلتی تھیں بلکہ اس کے باوجود بھی کئی گاڑیاں ایک دوسرے کے ساتھ ٹکرائیں۔انہوں نے کہا کہ محکمہ آر اینڈ بی کا عملہ سڑکوں پر نمک چھڑک رہے تھے جس سے پھلسن کسی قدر دور ہوگئی اور سڑکیں کسی قدر قابل آمد و رفت بن گئیں۔ادھر لوگوں کا کہنا ہے کہ اگرچہ سڑکوں سے برف ہٹایا جا رہا ہے لیکن گلی کوچوں میں برف کے اتنے بلند قامت ڈھیر جمع ہیں کہ چلنا پھرنا از بس مشکل بن گیا ہے۔وادی کے دیگر شمال و جنوب کے اضلاع میں بھی یہی حال ہے۔ذرائع نے بتایا کہ تمام اضلاع کی سڑکوں پر تازہ برف باری سے پھسلن پیدا ہوئی جس سے ٹرانسپورٹ کی نقل و حمل متاثر ہو گئی ہے۔وسطی ضلع بڈگام کی سڑکوں کا بھی یہی حال ہے۔ ضلع ہیڈ کوارٹر کے مین روڈ پر اس قدر پھسلن تھی کہ متعلقہ حکام کو سڑک پر پانی چھڑکنا پڑا جس سے گاڑیوں کو چلنے میں قدرے آسانی ہوئی۔وادی کشمیر کے سرحدی علاقوں بشمول کیرن، کرناہ، مڑھل اور ٹنگڈار علاقوں کا ہفتے کو چھٹے روز بھی اپنے اپنے ضلع ہیڈکوارٹروں کے ساتھ رابطہ منقطع ہی رہا۔ادھر لوگوں کا الزام ہے کہ برف باری کے ساتھ ہی وادی کے بازاروں میں گراں بازاری بام عروج ہے۔انہوں نے کہا کہ اشیائے ضروریہ بالخصوص اشیائے خوردنی کی قیمتیں اس قدر بڑھ گئی ہیں کہ عام آدمی ان کو خرید نہیں سکتا ہے۔لوگوں کا کہنا ہے کہ سبزیوں کی ریٹ میں دو گناہ اضافہ ہوا ہے اور سبزی فروش لوگوں کو لوٹنے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑتے ہیں۔ دریں اثنا وادی میں شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے مسلسل نیچے درج ہونے کی وجہ سے سردی کا زور برابرجاری ہے۔متعلقہ محکمے کے مطابق سری نگر میں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 4.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 10.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 5.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔وادی کے سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 5.4 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ قاضی گنڈ میں منفی 2.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔بتادیں کہ وادی کشمیر میں سردیوں کا بادشاہ چالیس روزہ چلہ کلان عالم شباب میں ہے اور اپنی بھر پور طاقت آزمائی سے اہلیان وادی کو گونا گوں مشکلات سے دوچار کر رہا ہے۔