بھارت کا عدالتی نظام دنیا کا سب سے مضبوط اور شفاف: رویندر رینہ

0
0

لاوے پورہ تصادم میںاگر کسی کی غلطی سے کسی کا نقصان ہوا ہوگا تو ہمارا قانون اس کو انصاف دلائے گا
یواین آئی

جموں؍؍بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) جموں و کشمیر یونٹ کے صدر رویندر رینہ نے کہا کہ بھارت کا عدالتی نظام دنیا کا سب سے مضبوط اور شفاف عدالتی نظام ہے۔انہوں نے ہفتے کو یہاں ترکوٹہ نگر میں واقع بی جے پی دفتر پر منعقدہ ایک پریس کانفرنس کے دوران حالیہ لاوے پورہ تصادم سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے یہ بات کہی۔رویندر رینہ نے کہا: ‘ہمارا عدالتی نظام دنیا کا سب سے مضبوط اور شفاف عدالتی نظام ہے۔ یہاں ہر ایک کو اپنا حق ملتا ہے۔ اگر کسی کے ساتھ کہیں نا انصافی ہوئی ہوگی تو ہمارا عدالتی نظام اس کو انصاف دلائے گا’۔ان کا مزید کہنا تھا: ‘ہمارے دیش میں قانون کا راج ہے۔ ہمارا قانون دنیا کا سب سے خوبصورت قانون ہے۔ اگر کسی کی غلطی سے کسی کا نقصان ہوا ہوگا تو ہمارا قانون اس کو انصاف دلائے گا’۔واضح رہے کہ گذشتہ برس 30 دسمبر کو ہونے والے لاوے پورہ تصادم میں سکیورٹی فورسز نے تین جنگجوئوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا جنہیں بعد ازاں سونہ مرگ میں سپرد خاک کیا گیا تھا۔ تاہم مہلوکین کے اہل خانہ کا دعویٰ ہے کہ مارے گئے نوجوان بے قصور تھے اور وہ ان کی لاشوں کی واپسی نیز معاملے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔رویندر رینہ نے کہا کہ جموں و کشمیر میں تمام کرپٹ لوگوں، چاہے وہ سرکاری عہدیدار ہیں یا سیاستدان، کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے جانا پڑے گا۔انہوں نے کہا: ‘ان کے خلاف سخت سے سخت کارروائی ہوگی۔ کرپٹ لوگوں کو کسی بھی صورت میں بخشا نہیں جائے گا۔ اینٹی کرپشن بیورو، انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ اور محکمہ انکم ٹیکس زبردست طریقے سے کام کر رہے ہیں’۔ان کا مزید کہنا تھا: ‘ماضی میں جتنے بھی فراڈ ہوئے ہیں ان سب کو کھنگالا جا رہا ہے۔ جس جس نے بھی جموں و کشمیر کے لوگوں کے ساتھ دھوکہ کیا ہے اس کو اپنے گناہوں کی سزا ملے گی۔ جموں و کشمیر میں اب ایمانداری سے کام شروع ہوا ہے۔ کرپٹ عہدیدار ہوں یا سیاستدان کسی کو بخشا نہیں جائے گا۔ جو غلط کام کرے گا اس کو اس کی سزا ملے گی’۔رینہ نے کہا کہ حالیہ اعلان شدہ انڈسٹریل پالیسی جموں و کشمیر میں انڈسٹریل شعبے کی مضبوطی کے لئے اٹھایا جانے والا ایک غیر معمولی قدم ہے۔انہوں نے کہا: ‘وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی مرکزی حکومت کے تعاون سے جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی انتظامیہ نے 28 ہزار 400 کروڑ مالیت کے انڈسٹریل پیکیج کا اعلان کیا ہے۔ دفعہ 370 کی وجہ سے جموں و کشمیر میں صنعتی ترقی ممکن نہیں ہو پائی تھی۔ انڈسٹریل پیکیج اس خطے کی صنعتی ترقی میں ایک نمایاں کردار ادا کرے گا’۔رویندر رینہ نے دعویٰ کیا کہ اس انڈسٹریل پالیسی یا پیکیج کی بدولت جموں و کشمیر میں پانچ لاکھ بے روزگار نوجوانوں کو روزگار ملے گا۔انہوں نے کہا: ‘جموں و کشمیر کے پڑھے لکھے اور بے روزگار نوجوانوں کو اس پیکیج سے بہت بڑا فائدہ ہونے والا ہے۔ مرکزی حکومت جموں و کشمیر کی ترقی کے لئے جو روپے پیسے دیتی تھی وہ مخصوص سیاست دان اپنی تجوریوں میں بھرتے تھے۔ جن لوگوں نے جموں و کشمیر میں 70 سال تک حکومت کی انہوں نے کبھی لوگوں کے بارے میں نہیں سوچا’۔ان کا مزید کہنا تھا: ‘جموں و کشمیر کے اندر اب گن گلچر ختم ہوگا، انڈسٹریل پیکیج کا فائدہ مقامی نوجوانوں کو ملے گا۔ جموں و کشمیر کے نوجوان ترقی اور امن چاہتے ہیں’۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا