ضلع ترقیاتی کمشنر کشتواڑ نے ہزار میگاواٹ پکل ڈول پن بجلی پروجیکٹ کے ڈیم سائٹ کا جائزہ لیا

0
0

کہا پروجیکٹ سے متاثر لوگ اپنے مسائل سے مجھے آگاہ کیا کریں
بابر فاروق

کشتواڑ //ضلع کشتواڑ میں ڈنگڈورو کے مقام پر زیر تعمیر ہزار میگاواٹ پن بجلی پروجیکٹ کے کام کا جائزہ لینے اور پروجیکٹ سے متاثر کنبوں کی مشکلات کا ازالہ کرنے کی غرض سے ضلع ترقیاتی کمشنر کشتواڑ اشوک کمار شرما نے ڈنگڈورو دچھن کا دورہ کیا۔ ان کے ہمراہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کشتواڑ پون پریہار ، سی وی پی پی کے سی جی ایم، پی بی جین ، ایکس ای این مڑواہ محمد اسلم لون ، نائب تحصیلدار دچھن بشیر احمد کے علاوہ جے پی کمپنی کے آفیسران بھی موجود تھے۔ اس دوران ضلع ترقیاتی کمشنر کشتواڑ اشوک کمار شرما نے جئے پرکاش ایسوسی ایٹس لمیٹڈ کو ہدایت کی کہ منصوبے کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے کام کی رفتار کو تیز کیا جائے۔انہوں نے پروجیکٹ سے متاثرہ خاندانوں سے بھی گفتگو کی جہاں انہوں نے متاثرین کے مختلف مطالبات اور مسائل کو سماعتکیا جن میں پروجیکٹ سے متاثرہ مکان مالکان کو معاوضے کی ادائیگی میں تاخیر ، مقامی لوگوں کو روزگار فراہم کرنا قابل ذکر ہیں۔ان کے مسائل کو سننے کے بعد ضلع ترقیاتی کمشنر کشتواڑ نے انہیں یقین دلایا کہ ان کے مسائل اور مطالبات کا ترجیحی بنیادوں پر ازالہ کیا جائے گا۔انہوں نے تحصیلدار دچھن کو مزید ہدایت کی کہ ڈنگڈورو کے مقام پر دریا کے کنارے پروجیکٹ کے لیے حاصل کی گئی زمین پر غیر قانونی طور پر بنائے گئے عارضی شیڈ اور لکڑی کے ذخائر کو فوراً خالی کروائیں۔ ضلع ترقیاتی کمشنر کشتواڑ نے پروجیکٹ میں کام کر رہے لوگوں کی شکایات کا ازالہ کرنے کے لیے کہا کہ ہر ماہ پروجیکٹ سائٹ پر ایک اجلاس لیبر کمشنر اور ڈپٹی سپریٹنڈنٹ پولیس کی نگرانی میں منعقد کیا جائے گا۔ مقامی نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے معاملے پر انہوں نے کہا کہ بنا کسی امتیاز کے بھرتیاں کرنے کے لئے ایک کمیٹی جلد تشکیل دی جائے گی اور بھرتی کے تمام عمل کی خود نگرانی کی جائے گی۔انہوں نے مزید ڈنگڈورو اور پروجیکٹ سے متاثرہ کنبون کے لوگوں کو کہا کہ مجھے وقتاً فوقتاً پانی ، بجلی ، صحت اور تعلیمی نظام سے متعلق کسی بھی قسم کی شکایات سے باقاعدگی سے آگاہ کیا کریں۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا