جائزہ لیکربلاتاخیرمتاثرین کومعقول معاوضہ دیا جائے: فاروق انقلابی
سید زاہد
بدھل؍؍سیاسی و سماجی کارکن محمد فاروق انقلابی نے ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمشنر راجوری سے مطالبہ کیا ہے کہ بدھل ، خواص ، کوٹرانکا اور پیڑی علاقوں میں شدید بارشوں سے ہونے والے نقصان کا جائزہ لیا جائے اور لوگوں کو مناسب معاوضہ فراہم کیا جائے۔ فاروق انقلابی نے بتایا کہ بْدھل علاقے کے گاؤں کاندرا ترگائیں میں تودے گرنے سے بہت سارے لوگوں کے مکانات متاثر ہوئے ہیں جبکہ درمن گاؤں میں آسمانی بجلی گرنے سے بہت سے غریب افراد کے مکانات منہدم ہوگئے ہیں اور بھیڑ بکریاں بھی دم توڑ چکی ہیں۔ لوگوں کو اس کی وجہ سے بہت تکالیف کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنچایت گْندہ ، کیری ، بھیلہ ، ڈھیلیری ، گدیوگ ، بئی نمبل ، کیول، ڈنڈوت، گبھر ، پھلنی، سموٹ، شاہپور اور دراج میں بھی لوگوں کو بھاری بارشوں کی وجہ سے تکالیف کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جس کا فوری طور پر جائزہ لیا جانا چاہئے اور لوگوں کو مالی امداد دی جانی چاہئے۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمشنر سے پنچایت سطح پر جائزہ کمیٹیاں تشکیل دینے کا مطالبہ بھی کیا جو اپنی اپنی پنچایتوں میں بارشوں سے ہونے والے نقصان کا جائزہ لیں گی اور مکمل معلومات انتظامیہ کے حوالے کردیں گی اور اس کے بعد لوگوں کو معقول معاوضہ دیا جائے۔