جموں وکشمیر گجر بکروال فیڈریشن کے صدر چوہدری شوکت گجر نے شکریہ ادا کیا
لازوال ڈیسک
جموں؍؍جموں وکشمیر گجر بکروال فیڈریشن کے صدر چوہدری شوکت گجر نے ایک بیان میں اقوام متحدہ سلامتی کونسل کے سیکریٹری جنرل کی جانب سے اپنے نئے سال کے پیغام کو اُردوزبان میں بھی جاری کرنے پر اِظہارِمسرت کیاہے۔انہوںنے کہاکہ ہم اقوام متحدہ سلامتی کونسل کے جنرل سیکریٹری کا اس قدم کیلئے شکریہ ادا کرتے ہیں کیونکہ یہ وقت کی ضرورت تھی۔موصوف نے کہا کہ بے شک یہ دیر سے ہوا لیکن اقوام متحدہ میں اُردونے کسی نہ کسی طرح دستک دی جو اِس کروڑوں لوگوں کی بولی جانے والی شیریں زبان کے روشن مستقبل کی ضامن ہے۔انہوںنے مزید کہاکہ اردو زبان پچیس ممالک میں بولی جاتی ہے اور بالخصوص ایشیا میں اس کا استعمال کیا جاتا ہے جس کا وجود فارسی مشرق میں ہوا۔جبکہ کئی شعراء اور اسکالروں نے اس کا استعمال آزادی ہند کی تحریک میں بھی کیا جن کی شاعری آج بھی لوگوں کی روز مرہ کی زندگی میں استعمال ہو رہی ہے۔اُنہوں نے اُمیدظاہرکی کہ وہ دِن دورنہیں جب باضابطہ طورپراُردو زبان اقوام متحدہ کی سرکاری زبان کا درجہ حاصل کر لے گی۔ اس موقع پر پروفیسر طلعت چوہدری، سمیر چوہدری، منیشا کھٹانہ ،رفیع چوہدری و دیگران موجود تھے۔