ڈوڈہ میں تقریب کا انعقاد ،گروپ کی ایک سال کی کارکردگی اور حصولیابیوں پر روشنی ڈالی گئی
محمد اسحٰق عارفؔ
اخیار پور؍؍ڈوڈہ کے سوشیل میڈیا نیوز گروپ’پکار نیوز‘ نے ایک سال مکمل کرنے پر ایک تقریب کا انعقاد کیا جس میں گروپ کی ایک سال کی کارکردگی اور حصولیابیوں پر روشنی ڈالی گئی۔ضلع اطلاعات آفیسر ڈوڈہ محمد اشرف وانی نے تقریب کی صدارت کی جب کہ ڈاکٹر عبدالحمید پڑے پروگرام میں بطورِ مہمانِ اعزازی شرکت کی۔اس موقع پر پکار گروپ کے رضا کارنیوز رپورٹرس ،چناب ویلی جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے صدر نصیر احمد کھوڑا،اشتیاق احمد دیو اورمتعدد دیگر صحافی حضرات بھی موجود تھے۔تقریب کے دوران نصیر احمد کھوڑا، اشتیاق احمد دیو اور متعدد دیگر مقررین نے اپنے اپنے صحافتی تجربات بیان کئے اور نوجوان صحافیوں کو بتایا کہ تعمیری صحافت کے اصول کیا ہیں اور کس طرح وہ کامیاب صحافی بن سکتے ہیں۔ اُنہوں نے پکار نیوز کی ایک سال کی کارکردگی پر بھی اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ سوشیل میڈیا پر عوامی مسائل کو اُجاگر کرنے والا یہ گروپ مستقبل میں اور زیادہ وسیع پیمانے پر کام کرے گا ۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر ڈوڈہ نے اس قسم کے پروگرام کے انعقاد پر پکار نیوز گروپ کی کوششوں کی سراہنا کی جس میں نوجوان صحافیوں کو اُن کے سینئر ساتھیوں سے صحافت سے متعلق اہم باتیں سیکھنے کا موقع ملا ۔اُنہوں نے صحافتی برادری کو یقین دلایا کہ مثبت اور تعمیری صحافت کے فروغ کے لئے ضلع انتظامیہ اور ضلع اطلاعاتی مرکز ڈوڈہ یہاں کی صحافتی برادری کو بھر پور رتعاون فراہم کرتے رہیں گے۔پروگرام کے آخر پر پکار نیوز کے رضا کار رپورٹرس کو حوصلہ افزائی کے طور پر مومنٹوز پیش کئے گئے۔