برفباری سے وادی کے طول و عرض میں تباہی

0
0

شہر ودیہات میں درجنوں رہائشی ودیگر تعمیراتی ڈھانچوں کو شدید نقصان
کے این ایس
سرینگر؍؍وادی کشمیر میں گزشتہ چار روزکی بھاری برفباری نے اُس وقت قہر انگیز رخ اختیار کیا جب وادی کشمیر کے طول وعرض میںبڑے پیمانے پر رہائشی مکانات اور دیگر ڈھانچوں کو شدید نقصان پہنچا۔کشمیر نیوز سروس کے مطابق وادی کشمیر میں شدید برف باری کے باعث متعدد رہائشی مکانات اور عارضی ڈھانچے کو نقصان پہنچا ہے۔بدھ کے روز لگاتار چوتھے دن شدید برف باری نے زندگی کو درہم برہم کردیا۔ وادی کشمیر میں ٹرانسمیشن لائنوں اور پانی کی پائپ لائنوں کو بھی بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔ تفصیلات کے مطابق حکام کا دعویٰ ہے کہ وادی کے بیشتر علاقوں میں بجلی بحال کردی گئی ہے۔ عہدیدار نے بتایا ،’بجلی ،پانی کی فراہمی اور اسپتالوں میں ہنگامی خدمات کو ترجیحی بنیادوں پر بحال کیا گیا ہے جبکہ تقریبا ًہر ضروری محکمہ کے فیلڈ عملہ تباہ شدہ پانی کے پائپ اور ٹرانسمیشن لائنوں کی بحالی پر مامور ہے۔‘سری نگر میونسپل کارپوریشن کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ لوگوں کو طبی سہولیات کے لئے پریشانی سے پاک نقل و حرکت کو یقینی بنانے کے لئے ترجیحی طور پر مختلف اسپتالوں کی طرف جانے والی رابطہ سڑکوں سے برف کو ہٹایا گیا ، اس کے علاوہ فیلڈ عملے کو بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ سڑکوں سے برف کو ہٹائیں تاکہ آزادانہ نقل و حرکت کو یقینی بنایا جاسکے۔شدیدبرفباری کی وجہ سے وادی کشمیر میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ۔ درجنوں رہائشی مکانات ، شیڈ اور دیگر عارضی تعمیراتی ڈھانچوں کو نقصان پہنچا ہے۔ لوگوں کو شدید برف باری کا سامنا کرنا پڑا جبکہ جنوبی کشمیر میں زیادہ سے زیادہ نقصان ہوا ہے۔ سری نگر کے علاوہ کشمیر کے دیگر علاقوں میں بھی برف باری کے باعث کئی مکانات کی چھتیں اڑ گئیں،کئی مکانوں میں شگاف پڑ گئے جبکہ کئی منہدم ہوئے۔ اطلاعات کے مطابق نرورہ عیدگاہ سری نگر ، لال بازار سرینگر ، نلبل نوشہرہ سری نگر ، گگری بل سرینگر ، بوٹ مین کالونی بمنہ سرینگر ، چھتہ بل سرینگر ، چیرمارگ شوپیان ، کھگ بڈگام ، دانی سیدان اور نمبلا اوڑی بارہمولہ میں رہائشی مکانات کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ جن شہریوں کے رہائشی مکانوں کو شدید نقصان پہنچا اُن میں سجاد احمد وانی ، ڈاکٹر محمد روف ، عبد الغفار شیخ ، غلام نبی شیخ ، غلام محمد گرو ، فاروق احمد چڈو ، جاوید احمد خان ، ریاض احمد شیخ ، گل محی الدین بھٹ ، عبدا لطیف بڑوال ، سیدہ رضا فاطمہ اور سید گلزار حسین نامی شہریوں کے ہیں ۔سوشل میڈیا پر کئی ویڈ یوز اور تصاویر وائرل ہوئیں ،جن میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بھاری برفباری کے سبب کس طرح رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا ۔ایک ویڈ یو میں سیول لائنز کے ٹینگ پورہ بائی پاس میں ایک رہائشی مکان برف کا وزن برداشت نہ کرسکا اور اُسکی چھت وبالائی منزل مکمل طور پر منہدم ہوگئی جبکہ اس زیر تعمیر مکان کی دیواروں میں شگاف پڑ گئے ۔اس دوران گذریال کرالہ پورہ میں محمد اکبر لون کے رہائشی مکان کا چھت ٹوٹ گیا۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا