جموں، //جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر کی تعمیر و ترقی میں ہفتے کے روز اختتام ہونے والے ڈی ڈی سی انتخابات میل کا پتھر ثابت ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کے تمام شعبوں سے وابستہ لوگوں نے سردیوں کے باوجود انتخابات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے کر بنیادی سطح کی جمہوریت کو مضبوط بنایا ہے۔
انہوں نے اتوار کے روز میڈیا کو بتایا: ’یہ انتخابات میل کا پتھر ثابت ہوں گے اور جو ان انتخابات میں پولنگ کے اعداد وشمار دستیاب ہیں ان سے یہ صاف ظاہر ہوتا ہے کہ جموں وکشمیر میں نوجوانوں، بزرگوں، کسانوں، مزدوروں، بیوپاریوں سب نے بھاری تعداد میں ووٹ ڈال کر بنیادی سطح کی جمہوریت کو مضبوط کیا ہے اور ترقی کو ایک نئی سمت دی ہے‘۔