جے کے آئی کی بحالی کا منصوبہ معاشی طور پسماندہ طبقوں کے روز گار میں مدد فراہم کرنے کیلئے لاگو کیا گیا :سنہا
لازوال ڈیسک
جموں؍؍لفٹینٹ گورنر منوج سنہا نے آج یہاں شہیدی چوک ریذیڈنسی روڈ پر جموں کشمیر انڈسٹریز لمٹیڈ کا 6.50 کروڑ روپے کی مالیت کے تجربہ مرکز و سیل آؤٹ لیٹ کا افتتاح کیا ۔ اس موقعہ پر لفٹینٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان ، کمشنر سیکرٹری محکمہ صنعت و حرفت ، صوبائی کمشنر جموں ، منیجنگ ڈائریکٹر جے کے آئی اور محکمہ کے دیگر اعلیٰ افسران موجود تھے ۔ اس موقعہ پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ تجربہ مرکز و سیل آؤٹ لیٹ کے قیام سے جموں کشمیر انڈسٹریز لمٹیڈ کی تیار کردہ مصنوعات کی فروخت میں کافی اضافہ ہو گا اور یہ ادارے کو منافع بخش بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا ۔ لفٹینٹ گورنر نے سہ رُکنی کمیٹی مرتب کر نے کی بھی ہدایت دی جو اونی اور ریشمی مصنوعات کے برینڈ ناموں کو حتمی شکل دیں گے اور اس کیلئے عوامی مقابلہ منعقد کرنے کیلئے کہا جو برینڈ ناموں کو تجویز کر سکیں گے ۔ انہوں نے جے کے آئی افسروں کو لگن اور تندہی سے کام کر کے تمام خام مواد کو استعمال میں لا کر مصنوعات تیار کرنے کیلئے کہا ۔ انہوں نے کہا کہ جے کے آئی کا بحالی منصوبہ لاگو کیا جا رہا ہے تا کہ یہ ادارہ منافع بخش اور فعال بن کر سماج کے پسماندہ طبقوں کو روز گار فراہم کر سکے ۔ بالخصوص اُن لوگوں کو جو غنچہ ابریشم اور اون کی پیداوار کے ساتھ منسلک ہیں ۔اس موقعہ پر بتایا گیا کہ تجربہ سنٹر کم آؤٹ لیٹ سنٹر کے قیام سے جموں صوبے کے ریشم اور لکڑی کی مصنوعات کی تیاری کے شعبوں سے منسلک یونٹ پوری طرح بحالی منصوبہ کے تحت چالو کئے جائیں گے ۔ یہ سہولت 6.50 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کی گئی ہے اور جموں شہر کے ریذیڈنسی روڈ علاقے میں تعمیر کی گئی ہے ۔ اس میں فرنیچر اور لکڑی سے بنی مصنوعات ، ریشم اور اونی مصنوعات کی نمائش و فروخت کی سہولت موجود ہے اس کے علاوہ جہاں پارکنگ کیلئے جگہ وغیرہ بھی موجود ہے ۔