شہرسرینگر میں گذشتہ رات سرد ترین رات ثابت۔ عمر رسیدہ افراد کو حد درجہ احتیاط برتنے کا مشورہ
سرینگر؍؍وادی کشمیر میں چلہ کلان سے چند ورز قبل ہی درجہ حرارت میں گراوٹ کا سلسلہ جاری ہے جبکہ شمال وجنوب میں درجہ حرارت نکتہ انجماد سے گرجانے کے باعث میدانی علاقے بھی سردی کی شدیدلپیٹ میں آگئے ہیں ۔سردی کی شدید لہر کے بیچ شہرسرینگر میں گذشتہ رات رواں موسم کی اب تک کی سرد ترین رات ثابت ہوئی جس کے دوران کم سے کم درجہ حرارت منفی6.6درجہ ریکارڈ کیا گیاگیا۔ سخت سر دی کے پیش نظر ڈاکٹروں نے لوگوں بالخصوص عمر رسیدہ افراد کو حد درجہ احتیاط برتنے کا مشورہ دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت کا دس سال قبل منفی 7.7ریکارڈ کیا گیا تھا اور گذشتہ رات ریکارڈ ہونے والا درجہ حرارت اس کے بعد کا سب سے کم ہے۔ اسی طرح لداخ خطے کے دراس میں بھی درجہ حرارت بہت ہی حد تک نیچے آگیا ہے اور گذشتہ رات کے دوران وہاں پارہ منفی29ڈگری تک گر گیا۔وادی کے گلمرگ میں گذشتہ رات کے دوران منفی9.2ڈگری جبکہ پہلگام میں یہ منفی9.5ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔جموں شہر میں اس کے برعکس گذشتہ رات کا درجہ حرارت 3.3ریکارڈ کیا گیا۔شدید سردی کی وجہ سے شہر سرینگر اور دیگر علاقوں میں آبی ذخائر منجمد ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ ۔درجہ حرارت میں نمایاں کمی کا سلسلہ جاری رہنے کے نتیجے میں صبح شہر کے متعدد علاقوں میں گھروں میں پانی سپلائی کرنے والے نل جم گئے۔کئی مقامات پر رْکے ہوئے پانی کے اوپر یخ کی پرت جمی ہوئی نظر آئی جوکئی گھنٹوں تک بھی نہیں پگھل سکی ۔اعدادوشمار کے مطابق کشمیر کے ساتھ ساتھ جموں خطے کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی ہے جس کے نتیجے میں بانہال ، بھدرواہ ، کٹرہ میں ،بٹوت اور جموں میںسردی کی لہر دوڑ گئی ہے۔اس دوران وادی کشمیر میں جاری شدید سردی کے پیش نظر ڈاکٹروں نے لوگوں بالخصوص عمر رسیدہ افراد کو حد درجہ احتیاط برتنے کا مشورہ دیا ہے۔انہوں نے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ صبح اور شام کے وقت گھروں سے باہر نکلنے میں احیتاط کریں اور اگر مجبوری کی حالت میں گھر سے باہر نکلنا پڑے تو اپنے آپ کو پوری طرح سے گرم لباس میں ڈھانپ کر ہی نکلیں۔