کہا وزیر اعظم کی خواہش ہے کہ جموں و کشمیر کے لوگ پر امن اور ایک آزاد زندگی گزاریں
لازوال ڈیسک
جموں؍؍مرکزی وزیر اور جموں و کشمیر ڈی ڈی سی انتخابات کے انچارج انوراگ ٹھاکر نے یہاں اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ آٹھویں مرحلے کی پولنگ سے واضح ہوا ہے کہ لوگ ترقی اور تبدیلی چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ بھاجپا ڈی ڈی سی انتخابات میں نمایاں کامیابی حاصل کرے گی اور جموں و کشمیر میں کمل کا پھول کھلے گا۔ٹھاکر نے مزید کہا کہ انتخابی مہم کے دوران ہم نے ترقی اور وزیر اعظم نرندر مودی کی قیادت والی حکومت کی کامیابیوں پر توجہ دی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ دفعہ 370کی منسوخی کے بعد ہم نے جموں و کشمیر کیلئے ایک روڈ میپ تیار کیا تھا تاکہ یہاں ترقی ہوسکے۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم کی خواہش ہے کہ جموں و کشمیر کے لوگ پر امن اور ایک آزاد زندگی گزاریں۔انہوں نے گپکار اتحاد پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ عبداللہ اور مفتی خاندان نے جموں و کشمیر کو گزشتہ ستر برسوں میں کیا دیا۔انہوں نے صرف وعدے خلافی کی ہے۔