ضلع اودھمپور کا تفصیلی دورہ کیا ۰انڈسٹریل سیکٹر کے کئی کامیاب یونٹوں کے کام کاج کا بھی جائیزہ لیا
لازوال ڈیسک
اودھمپور؍؍لفٹینٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان نے آج آئی آئی ڈی سنٹر بٹل بالیاں اودھمپور کا تفصیلی دورہ کیا دورے کا مقصد وہاں صنعتی یونٹ ہولڈروں کو درپیش مشکلات کا جائیزہ لینا اور اُن کا ازالہ کرنا تھا ۔ انہوں نے اودھمپور انڈسٹریل سیکٹر کے کئی کامیاب یونٹوں کے کام کاج کا بھی جائیزہ لیا ۔ مشیر کے ہمراہ ناظمِ صنعت ، منیجنگ ڈائریکٹر سیکاپ ، اے ڈی سی اودھمپور ، جی ایم ڈی آئی سی اودھمپور ، صدر انڈسٹریز ایسوسی ایشن اودھمپور ، صدر چیمبر آف کامرس اور مختلف محکموں کے افسران ، صنعتی یونٹوں کے نمائندگان تھے ۔ صدر انڈسٹریز ایسوسی ایشن اودھمپور اور دیگر ارکان نے صنعتی علاقے کو درپیش مسائل جن میں پینے کے پانی کی قلت ، ناقص سڑک رابطہ سہولت ، بجلی کی قلت وغیرہ شامل ہیں کو اجاگر کیا ۔ انہوں نے چھوٹے پیمانے کی صنعتوں کی فیس میں چھوٹ دینے، سنگل ونڈو سسٹم کی موثر عمل آوری ، صنعتی علاقے کیلئے ایک اعلیحدہ فیڈر کی تنصیب ، بجلی فیس میں معافی سکیم کی مدت میں توسیع ، وئیر ہاوس اور ٹرانسپورٹ یارڈ کے قیام ، صنعتی علاقے میں فائیر سٹیشن قائم کرنے ، گندھے پانی کیلئے ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تنصیب ، اُن صنعتی یونٹوں کی الاٹمنٹ منسوخ کرنے جنہوں نے اب تک کام شروع نہیں کیا ہے کی مانگیں بھی ایسوسی ایشن نے مشیر کو پیش کیں ۔ اس موقعہ پر مشیر نے ناظمِ صنعت کو سیمنار منعقد کر کے صنعتکاروں کو صنعتوں کیلئے نئی سکیموں سے متعلق جانکاری دینے کی ہدایت دی ۔ صنعتکاروں سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے مشیر نے کہا کہ اس ملاقات کا مقصد صنعتی یونٹوں کو درپیش مسائل کی شنوائی کر کے اُن کا ترجیح بنیاد پر ازالہ کرنا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ نئے صنعتی دور کے آغاز کیلئے ہمیں منظم طور کام کرنا ہو گا اور ممکنہ سرمایہ کاروں کو صنعتوں میں سرمایہ کاری کی جانب راغب کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اودھمپور میں صنعتی یونٹوں کے قیام کیلئے وسیع صلاحیت موجود ہے اور بیمار یونٹوں کی تنسیخ بھی لازمی ہے ۔ انہوں نے موقعہ پر ہی افسروں کو آپس میں بہتر تال میل قائم کرنے اور ڈی آئی سی مراکز کو اپنے کام کاج میں فعالیت لانے کی ہدایت دی ۔انہوں نے کہا کہ صنعتی یونٹوں کو درپیش مسائل اعلیٰ حکام تک پہنچائے جائیں گے ۔