اکھل بھارتیہ صفائی مزدور سنگ ضلعی یونٹ ڈوڈہ کااحتجاجی مظاہرہ
محمد اسحٰق عارفؔ
اخیارپور؍؍ اکھل بھارتیہ صفائی مزدور سنگ ضلعی یونٹ ڈوڈہ کی طرف سے تنخواہوں کی عدمِ ادائیگی کے خلاف ٹائون ہال ڈوڈہ میںایک زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔ مظاہرین گذشتہ تین ماہ سے بند پڑی تنخواہوں کی فوری وا گذاری کا مطالبہ کر رہے تھے۔مظاہرین جن میں مستقل اور عارضی سبھی ملازمین شامل تھے، صبح ٹائون ہال ڈوڈہ میںجمع ہوئے اور ہاتھوں میں پلے کارڈ لئے اور بینر لہراتے زور دار نعرہ بازی کی۔اس موقع پر مختلف مقررین نے کہا کہ گذشتہ تین ماہ سے اُن کی تنخواہیں بند ہیں جس وجہ سے اُن کے گھروں میں فاقوں تک نوبت پہنچ چکی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ معمولی سی تنخواہ پر اُن کا گذارا بہت مشکل سے ہوتا ہے مگریہ تنخواہ بھی اُنہیں وقت پر نہیں دی جاتی جس وجہ سے اُنہیں شدید مشکلات اور پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ تنگ آ کر اُنہوں نے احتجاج کا راستہ اپنایا ہے اور فی الحال اُنہوں نے کام چھورڑہڑتال کی ہے ،اگر دو دن تک اُن کی تنخواہیں واگذار نہیں کی گئیں تو وہ اپنے بال بچوں کو لے کر سڑکوں پر آ جائیں گے جس کی ذمہ داری متعلقہ حکام پر ہو گی۔اُنہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اُن کی تنخواہیں فوری طور ادا کی جائیں اور آئندہ وقت پر تنخواہوں کی ادائیگی کو یقینی بنایا جائے۔اس سلسلہ میں ای او میونسپل کمیٹی ڈوڈہ اخباری نمائندوں کو فون پر بتایا کہ فنڈس کی عدمِ فراہمی کی وجہ سے اُن کی تنخواہیں بند ہیں اور اُنہوں نے اس بارہ میں اعلیٰ حکام سے بات کی ہے ۔جوں ہی فنڈس فراہم کی جاتی ہیں ان کی تنخواہیں واگذار کی جائیں گی۔