نئی دہلی ، //ملک میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد کی رفتار دھیمی پڑنے اور اس بیماری سے نجات پانے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ سے شفایابی کی شرح 95 فیصد کے قریب پہنچ گئی ہے مرکزی وزارت صحت و خاندانی بہبود کی جانب سے اتوار کے روز جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا وائرس کے 30،254 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس سے ملک میں کورونا متاثرین کی مجموعی تعداد 98.57 لاکھ سے زائد ہوگئی ۔ اسی عرصے کے دوران 33،136 مریضوں کی شفایابی سے جان لیوا کورونا کو شکست دینے والوں کی تعداد 93.57 لاکھ سے ہوگئی ۔ اس طرح شفایابی کی شرح بڑھ کر 94.93 ہوگئی ہے۔ اسی عرصے کے دوران فعال کیسز کی تعداد 3273 سے گھٹ کر 3.56 لاکھ اور391 مریضوں کی ہلاکت کے ساتھ اموات کی مجموعی تعداد بڑھ کر 1،43،019 ہوگئی ہے۔
ملک میں کوروناوائرس کے ایکٹیو کیسز کی شرح کم ہوکر 3.62 فیصد رہ گئی ہے جبکہ اموات کی شرح اب بھی 1.45 فیصد ہے۔
کیرالہ میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ 5268 مریض شفایاب ہوئے ، حالانکہ یہاں 649 ایکٹیو کیسز بھی بڑھے ہیں اور 32 افراد کی موت ہوئی ہے۔ ریاست میں ایکٹیو کیسز کی تعداد 60،177 اور مرنے والوں کی تعداد 2594 ہوچکی ہے ، جبکہ اب تک چھ لاکھ سے زیادہ افراد نے جان لیوا کورونا کو شکست دی ہے۔