نئی دہلی وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا ہے کہ ملک پارلیمنٹ پر بزدلانہ حملے کو کبھی فراموش نہیں کرے گا اور اس کی حفاظت کرنے والے شہدا کا ہمیشہ مقروض رہے گا۔
اتوار کے روز ایک ٹویٹ پیغام میں مسٹر مودی نے کہا’’ہم سال 2001 میں اپنی پارلیمنٹ پر حملے کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔ ہمیں ان شہدا کی بہادری یاد ہے جنہوں نے پارلیمنٹ کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی جانیں نچھاور کردیں۔ ملک ہمیشہ ان کا ممنون ر ہے گا۔‘‘
وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا’’2001میں جمہوریت کی مندر پارلیمنٹ پر بزدلانہ دہشت گردانہ حملے میں دشمنوں کا مقابلہ کرتے ہوئے اپنی جان نچھاور کرنے والے ہندوستان کے بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔ ممنون قوم اس قربانی کا ہمیشہ مقروض رہے گا‘‘۔
قابل ذکر ہے کہ 2001 میں اسی دن پاکستان میں سرگرم دہشت گرد تنظیموں لشکر طیبہ اور جیش محمد کے دہشت گردوں نے پارلیمنٹ پر حملہ کیا تھا۔ اس حملے میں دہلی پولیس اور پارلیمنٹ کے سکیورٹی اہلکار اور ایک باغبان سمیت 9 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے بہادری اور تدبر کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچوں دہشت گردوں کا ڈھیر کردیا تھا۔