یواین آئی
جموں؍؍ پولیس نے جموں و کشمیر کے ضلع ریاسی کے کٹرہ قصبے میں غیر قانونی طور پر سونے کا کاروبار کرنے والے چار افراد کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے ڈیڑھ کلو سونا بر آمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔اودھم پور- ریاسی رینج کے ڈی آئی جی سرجیت کمار نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے ہفتے کے روز میڈیا کو بتایا کہ جمعے کی شام کو کٹرہ پولیس کو مصدقہ اطلاع موصول ہوئی کہ کٹرہ اور دلی میں بیٹھ کر کچھ لوگ سونے کا غیر قانونی کاروبار کرتے ہیں اور وہ گوہاٹی سے سونا لا کر یہاں اس کا کاروبار کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اطلاع موصول ہوتے ہی کٹرہ پولیس کی ایک ٹیم تشکیل دی گئی جس نے رات بھر کارروائیاں کرتے ہوئے چار افراد کو دھر لیا اور ان کی تحویل سے ڈیڑھ کلو سونا بر آمد کیا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اس ضمن میں ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔