گھپلہ ہندوستان، ایشیا، افریقہ اور لاطینی امریکہ کے دیگر ممالک میں تیزی سے چل رہا ہے
یواین آئی
نئی دہلی؍؍لوگوں کو ایپس کے ذریعے فوری قرض دے کر پھنسانے اور پھر انہیں ہراساں کرنے کا گھپلہ ہندوستان، ایشیا، افریقہ اور لاطینی امریکہ کے دیگر ممالک میں تیزی سے چل رہا ہے۔بی بی سی نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ کم از کم 60 ہندوستانی ایسے ایپس کے ذریعے بدسلوکی اور دھمکیوں کے بعد خودکشی کر چکے ہیں۔ بی بی سی نے اپنی رپورٹ میں ہندستان اور چین میں اس مہلک گھپلے سے منافع کمانے والوں کو بے نقاب کیا ہے۔بی بی سی نے متاثرین میں سے ایک آستھا سنہا کا ذکر کرتے ہوئے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ آستھا فون پر اپنی خالہ کی خوفزدہ آواز سن کر جاگ اٹھی۔ آستھا کی موسی نے فون پر کہا، ’’اپنی ماں کو گھر سے باہر نہ جانے دینا۔‘‘ سترہ سالہ آستھا آدھی سوئی ہوئی اپنی ماں بھومی سنہا کے کمرے میں گئی، جہاں اسے روتے ہوئے اور بے چین دیکھ کر وہ خوف زدہ ہوگئی۔آستھا کی ماں ممبئی کی ایک نامور وکیل، ایک ذہین اور نڈر خاتون تھیں۔ آستھا کہتی ہیں کہ ‘وہ ٹوٹ رہی تھیں۔’ خوفزدہ ماں نے اپنی بیٹی کو بتانا شروع کر دیا کہ تمام اہم دستاویزات اور رابطے کہاں ہیں اور وہ دروازے سے باہر نکلنے کے لیے بے چین دکھائی دے رہی تھیں۔ آستھا جانتی تھی کہ اسے انہیں (بھومی) کو روکنا ہوگا۔ اس کی خالہ نے کہا تھا، ’’انہیں (بھومی) کو اپنی نظروں سے دور نہ ہونے دو، کیونکہ وہ اپنی زندگی کا خاتمہ کر لے گی۔‘‘آستھا اپنی ماں بھومی کو اتنا پریشان دیکھ کر گھبرا گئی۔ وہ جانتی تھی کہ اس کی والدہ کو کچھ عجیب و غریب کالز موصول ہو رہی ہیں اور وہ کسی کی قرض دار ہیں، لیکن اسے اندازہ نہیں تھا کہ اس کی ماں کئی مہینوں سے ہراساں اور نفسیاتی اذیت کا شکار رہی ہے۔آستھا کی والدہ کم از کم 14 ممالک میں کام کرنے والے جعل سازی کے ساتھ ایک عالمی اسکینڈل کا شکار ہو گئی تھی، جو لوگوں
کی عزت سے کھلواڑ کرتی ہے اور منافع کمانے کے لیے انہیں بلیک میل کرتی ہے۔ اس عمل میں لوگوں کی زندگیاں تباہ ہو جاتی ہیں۔یہ بات قابل غور ہے کہ بہت سی ایسی ایپس ہیں جو منٹوں میں پریشانی سے پاک قرض فراہم کرنے کا وعدہ کرتی ہیں۔ ایسی ایپس ایک بار ڈاؤن لوڈ ہونے کے بعد آپ کے رابطے، تصاویر اور شناختی کارڈ حاصل کرلیتی ہیں اور بعد میں ان معلومات کو استعمال کرکے آپ سے رقم بٹورتی ہیں۔ جب گاہک وقت پر ادائیگی نہیں کرتے ہیں، اور بعض اوقات جب وہ کرتے بھی ہیں، تو وہ اس معلومات کو کال سینٹر کے ساتھ شیئر کرتے ہیں، جہاں لیپ ٹاپ اور فونز سے لیس گیگ اکانومی کے نوجوان ایجنٹ لوگوں کو ادائیگی کے لیے کال کرنے، ہراساں کرنے اور ذلیل کرنے کی تربیت دی جاتی ہے۔