305 اُمید وار میدان میں،252 مرد اور 53 خواتین شامل
لازوال ڈیسک
جموں؍؍سٹیٹ الیکشن کمشنر کے کے شرما نے آج ایک پریس کانفرنس کے دوران میڈیا کو ڈی ڈی سی اِنتخابات کے تیسرے مرحلے اور پنچوں / سرپنچوں کے ضمنی اِنتخابات کو اَحسن اور پُرامن طریقے سے کرانے کے انتظامات کے بارے میں بتایا۔ ڈی ڈی سی انتخابات سے متعلق تفصیلات پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یو ٹی میں کل 280 حلقہ ہائے اِنتخاب ہیں (ہر ضلع میں 14) 33 حلقوں میں ووٹنگ ہوگی جن میں سے کشمیر ڈویژن کے 16 اور جموں کے 17 حلقہ انتخابات شامل ہیں۔تیسرے مرحلے میں صبح 7بجے سے دوپہر 2بجے تک ووٹ ڈالے جائیں گے ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ڈی ڈی سی اِنتخابات مرحلہ سوم کے لئے305 اُمید وار میدان میں ہیں جن میں کشمیر ڈویژن سے 166 اور جموں ڈویژن سے 139اُمیدوارشامل ہیں۔305 امیدواروں میں سے 252 مرد اور 53 خواتین امیدوار ہیں۔سرپنچ ضمنی اِنتخابات کے بارے میں کے کے شرما نے بتایا کہ 126 حلقہ ہائے اِنتخاب میں سے 66 حلقہ انتخابات میں پولنگ ہوگی اور مرحلہ سوم میں مجموعی طور پر 184 اُمید وار حصہ لے رہے ہیں جن میں 144 مرد اور 40 خواتین اُمید وار شامل ہیں ۔40سرپنچ حلقوں میں بلا مقابلہ اِنتخاب کیا گیا ہے۔اسی طرح پنچ ضمنی انتخابات میں انہوں نے بتایا کہ یہاں 1738 حلقہ ہائے انتخابات ہیں اور ان میں سے 798 بلا مقابلہ منتخب ہوئے ہیں۔ 327 حلقوں میں پولنگ ہوگی اور یہاں 749 امیدوار میدان میں ہیں۔سٹیٹ الیکشن کمشنر نے مزید بتایا کہ 737648 رائے دہندگان تیسرے مرحلے میںاپنے حق رائے دیہی کا استعمال کریں گے جس جس میں 385675 مرد اور 351973 خواتین ووٹران شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان 737648 ووٹروںمیں سے 374604 جموں صوبہ سے اور 363044 کشمیر صوبہ سے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جموں صوبہ میں 792 اور کشمیر صوبہ میں 1254 پولنگ اسٹیشنوں کو تیسرے مرحلے کے انتخابات کو احسن طریقے سے انجام دینے کے لئے قائم کئے گئے ہیں۔ایس ای سی نے کہا کہ اِنتخابات سے متعلق تمام اِنتظامات اَفرادی قوت، اِنتخابی مواد اور حفاظتی انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز کی تعیناتی کے لئے مناسب انتظامات کئے گئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پولنگ سٹیشنوں میں انتخابات سے متعلق تمام انتظامات مکمل کئے گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کووِڈ۔ 19 وبأ سے متعلق احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل درآمد ہو گا اور ہر پولنگ سٹیشن میں سینی ٹائیزر ، تھرمل سکینر ، ماسک وغیرہ رائے دہندگان اور اِنتخابی عملے کیلئے بہم رکھے گئے ہیں ۔ ایس ای سی نے بتایا کہ وومن کالج گاندھی جموں اورگرلز ہائیر سکینڈری اسکول ادھمپور میں کشمیری مائیگرنٹوںکے لئے خصوصی پولنگ بوتھ بھی قائم کئے گئے ہیں تاکہ وہ انتخابی عمل میں اپنی رائے دہی کا آسانی اِستعمال کرسکیں۔ایس ای سی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ جمہوریت کے سب سے بڑے میلے میں شرکت کے لئے آگے آئیں اور وہ اپنے پولنگ بوتھوں میںجاکر اپنی رائے دہی کا استعمال کریں۔یہ بات قابلِ ذِکر ہے کہ ڈی ڈی سی اور پنچایتی ضمنی اِنتخابات 2020 میں28 ؍نومبر سے 19 ؍دسمبر تک شروع ہونے والے 8 مرحلوںمیں منعقد انعقاد کیا جارہا ہے ۔ووٹ شماری 22 ؍ دسمبر 2020ء کوکی جائے گی۔