افتخارجعفری
سرنکوٹ؍؍ڈی ڈی سی انتخابات کے تحت سرنکوٹ کے حلقہ سرنکوٹ اے اور حلقہ بی میں ریکارڈ پولنگ ہوئی اور بڑی تعداد میں مردوزن نے ان انتخابات میں حصہ لیکر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ انتخابی حکام کے مطابق سرنکوٹ میں 75.7فیصد پولنگ ہوئی اور 16ہزار 382مرداور 14 ہزار882خواتین سمیت کل 31ہزار264رائے دہندگان نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ دونوں حلقوں کیلئے 77پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے تھے جہاں بڑی تعداد میں سیکورٹی اور پولیس اہلکار بھی تعینات تھے۔واضح رہے کہ سرنکوٹ اے حلقہ پر کافی دلچسپ مقابلہ ہورہاہے جہاں سے کانگریس کے سابق ایم ایل اے سرنکوٹ چوہدری محمد اکرم اپنی ہی پارٹی کے نوجوان رہنما شاہنواز چوہدری کے خلاف نبردآزما ہیں۔ چوہدری اکرم کو پارٹی نے منڈیٹ دیاہے جبکہ شاہنواز آزاد امیدوار کی حیثیت سے انتخابات لڑ رہے ہیں۔ان انتخابات میں لوگوں کا جوش و خروش دیکھنے کے لائق تھا اور بہت بڑی تعداد میں لوگوں نے گھروں سے باہر نکل کر ووٹنگ کے عمل میں حصہ لیا۔اس دوران ایک دکا ناخوشگوار واقعات بھی رونماہوئے جبکہ ایک شخص کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے جس کو سرنکوٹ ہسپتال لایاگیا۔