جموں و کشمیر اپنی پارٹی عوام کی اپنی پارٹی

0
0

گپکار اعلامیہ میں شرکت کرنے والے لوگ عنقریب ایک دوسرے کے ساتھ دست گریباں ہو جائیں گے: سید اصغر علی

محمد اشفاق/ بابر فاروق

کشتواڑ؍؍’’جموں و کشمیر میں ضلع ترقیاتی کونسلوں کے انتخابات کروانا ایک خوش آئند بات ہے اور ان انتخابات کی وجہ سے جموں و کشمیر میں جمہوری نظام کو مزید تقویت ملے گی‘‘۔ ان باتوں کا اظہار جموں و کشمیر اپنی پارٹی کے صوبائی نائب صدر سید اصغر علی نے لازوال کے ساتھ ایک خصوصی ملاقات میں کیا۔’لازوال ‘کے ساتھ مختلف موضوعات پہ تبادلہ خیال کرتے ہوئے سید اصغر علی نے عنقریب منعقد کروائے جانے والے ضلعی ترقیاتی کونسلوں کے انتخابات کو نوجوانوں کو اپنی قائدانہ صلاحیتوں کا اظہار کرنے کے لیے ایک بہترین موقع قرار دیا ، انہوں نے کہا کہ یوٹی کے نوجوانوں کو ان انتخابات میں حصہ لے کر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانا چائیے تاکہ ناخواندگی، بے روزگاری، کنبہ پروری، اور دیگر برائیوں کا خاتمہ کیا جا سکے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گپکار اعلامیہ محض ایک دکھاوا ہے اور آپسی اتحاد کے ساتھ اس کا دور کا واسطہ بھی نہیں ہے، اور ضلع ترقیاتی کونسلوں کے انتخابات ختم ہوتے اتحاد کے نعرے بلند کرنے والے یہ لوگ ایک دوسرے کے ساتھ دست گریباں ہو جائیں گے۔سید اصغر علی نے ضلع کشتواڑ میں قائم شدہ پاور پراجیکٹس میں مقامی نوجوانوں کو روزگار فراہم کروانے اور دیگر شعبوں میں روزگار کے مواقعے پیدا کرنا اپنا فرض اولین قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ عنقریب پارٹی ہائی کمان کے ساتھ اس سلسلے میں ملاقات کر کے ایک لائحہ عمل ترتیب دیں گے۔انہوں نے مزید سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر کا ریاست کا درجہ بحال کروانا اور دونوں صوبوں کے عوام کے مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے پالیسی ترتیب دینا ان کی پارٹی کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔عوام کے نام پیغام جاری کرتے ہوئے سید اصغر علی نے کہا کہ عوام مذہب ذات پات اور سماجی بھید بھائو کو بالائے طاق رکھتے ہوئے آنے والے ضلع ترقیاتی کونسلوں کے انتخابات میں موزوں ترین نمائندوں کے حق میں ووٹ ڈال کر اپنے حق رائے دہی بہترین استعمال کریں۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا