الطاف بخاری نے شمولیت پر خیر مقدم کیا
لازوال ڈیسک
سرینگر؍؍نیشنل کانفرنس سنیئرلیڈر اور ضلع نائب صدر گاندربل پیر محمد یوسف شاہ پیر کو لال چوک سرینگر میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران اپنی پارٹی میں شامل ہوگئے ہیں۔ شاہ جوکہ واکورہ گاندربل سے بلاک ڈولپمنٹ کونسل کے ڈپٹی چیئرمین بھی ، ہیں نے کنگن سے اپنی قریبی ساتھی محمد یونس کے ہمراہ اپنی پارٹی صدر سعید محمد الطاف بخاری، نائب صدر عثمان مجید، میڈیا ایڈوائزر فاروق اندرابی اور صوبائی سیکریٹری عبدالرشید ہارون کی موجودگی میں شمولیت اختیار کی۔ اس موقع پر بولتے ہوئے شاہ نے کہاکہ اپنی پارٹی زمینی سطح پر اعتمادیت اور عوامی مقبولیت حاصل کر رہی ہے۔ پارٹی کے واضح اور غیر مبہم سماجی ، اقتصادی اور سیاسی ایجنڈے نے اُنہیں متاثر کیا جس کے بعد انہوں نے شامل ہونے کا فیصلہ کیا۔ اُن کا خیر مقدم کرتے ہوئے الطاف بخاری نے اُمید ظاہر کی کہ ضلع گاندربل اور مضافاتی علاقہ جات میں اُن کی شمولیت سے پارٹی مزید مضبوط ہوگی۔ انہوں نے کہا’’ اپنی پارٹی خاص طور سے اُن لوگوں کے لئے سیاسی پلیٹ فارم ہے جوکہ لوگوں کو کھوکھلے نعرؤں اور جذباتی سیاست سے بیوقوف بنانے کے بجائے عملی طور کام کرنے پر یقین رکھتے ہیں، ہمار ا مقصد لوگوں کی فلاح وبہبودی کے لئے کام کرنا ہے نہ کہ اُنہیں چاند تارے لاکر دینے کے خواب دکھانا‘‘۔