محکمہ کے اعلیٰ حکام بروقت حکمت عملی اپنائیں،بلاخلل بجلی مہیاکرائی جائے،عوام بھی مناسب استعمال کریں:سید وحید حسین شاہ
افتخارجعفری/آکاش ملک
سرنکوٹ؍؍ اس سال موسم سرما کی پہلی بارش کا آغاز ہونے سے قبل ہی محکمہ بجلی کی ناقص کارکردگی عیاں ہو گئی محکمہ موسمیات کی پیشگوئی سے ایک دن قبل ہی سرنکوٹ کے بیشتر علاقوں سے بجلی غائب ہو گئی جس پر لوگوں نے محکمہ کے تئیں سخت رد عمل کا اظہار کیا ہے۔تحصیل سرنکوٹ کے بیشتر علاقوں میں گزشتہ تیس گھنٹوں سے بجلی کی آنکھ مچولی جاری ہے حالانکہ کچھ علاقے ایسے بھی ہیں جہاں سنیچر کے روز بجلی سپلائی بند ہوئی تھی اور ابھی تک دوربارہ بحال نہ ہو پائی ہے۔سرنکوٹ کے دور دراز علاقے جیسیڈوڈی ، رجاڑہ , سانگلہ ، مرہوٹ ، و متعدد جگہوں سے بجلی متاثر ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔لوگوں نے محکمہ بجلی کے تئیں سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ کی طرف سے قبل از وقت کسی بھی طرح کی تیاری نہیں کی جاتی جس کی وجہ سے بارش کی بوندیں زمین پر پڑنے سے پہلے ہی بجلی سپلائی متاثر ہو جاتی ہے اوراس کا خمیازہ غریب عوام کو بھگتنا پڑتا ہے۔لوگوں کا مزید کہنا تھا کہ ماہ پورا ہونے سے قبل ہی بجلی بل لوگوں کو تھما دئیے جاتے ہیں لیکن ضرورت کے مطابق لوگوں کو بجلی فراہم نہیں ہو پاتی جو کہ غریب عوام کے ساتھ سراسر ذیادتی ہے۔کچھ لوگوں نے مقامی سیاسی نمائندگان سے بھی ناراضگی کا اظہار کیا ہے کہ وہ اس وقت الیکشن کی تیاریوں میں مصروف ہیں اور عام عوام کی مشکلات کا انہیں علم نہیں ہے۔ لوگوں کا کہنا تھا کہ سیاسی نمائندگان کو اسلئے مینڈیٹ دیا گیا تھا تاکہ وہ لوگوں کی مشکلات کو حل کر سکیں لیکن ان کی خاموشی سے عیاں ہورہا ہے کہ انہیں صرف اقتدار میں دلچسپی ہے اور غریب لوگوں سے انکا واسطہ محض ووٹ تک ہی محدود ہے۔ ذرائع سے بات کرتے ہوئے سرپنچ ایسوسیشن سرنکوٹ کے صدر سید وحید حسین شاہ نے ڈپٹی کمشنر پونچھ سے گزارش کی ہے کہ بجلی سپلائی کے ناقص نظام کو بہتر بنایا جائے تاکہ موسم سرما میں لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے انہوں نے لوگوں سے بھی اپیل کی ہے کہ بجلی کا جائز استعمال کریں تاکہ لوڈ شیڈنگ سے بچا جا سکے۔