کہااپنی پارٹی میں شامل ہوئے شفیق میر کا آل جموں و کشمیر پنچایت کانفرنس کے ساتھ کوئی تعلق نہیں
لازوال ڈیسک
جموں؍؍آل جموں و کشمیر پنچایت کانفرنس کے صدر انیل شرما نے کہا ہے کہ ‘پنچایت کانفرنس’ جموں و کشمیر اپنی پارٹی میں ضم نہیں ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ روز جو ‘اپنی پارٹی’ کے صدر سید محمد الطاف بخاری کی پریس کانفرنس میں کہا گیا وہ شفیق میر کا ذاتی فیصلہ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ شفیق میر کا آج سے آل جموں و کشمیر پنچایت کانفرنس کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے۔موصوف نے ان باتوں کا اظہار جمعے کے روز یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔ان کہنا تھا: ‘آل جموں و کشمیر پنچایت کانفرنس، جموں و کشمیر اپنی پارٹی میں ضم نہیں ہوئی ہے اور جو گذشتہ روز اس پارٹی کے صدر سید محمد الطاف بخاری کی پریس کانفرنس میں کہا گیا وہ سب غلط ہے اور شفیق میر کا ذاتی فیصلہ ہے’۔مسڑ شرما نے کہا کہ پنچایت کانفرنس ایک رجسٹرڈ تنظیم ہے اور اس کے کسی بھی شخص نے اپنی پارٹی یا کسی اور پارٹی میں شمولیت اختیار نہیں کی ہے۔انہوں نے کہا کہ شفیق میر جس نے گذشتہ روز اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کی ہے، کا آج سے آل جموں و کشمیر پنچایت کانفرنس سے کوئی تعلق نہیں ہے اور ان کو کانفرنس کا نام استعمال کرنے کی بھی اجازت نہیں ہے۔موصوف نے کہا کہ اگر شفیق میر نے کانفرنس کا نام استعمال کرنے کی کوشش کی تو اس کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جاسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کانفرنس کے تمام ممبروں اور کشمیر کے بھی ساتھیوں، جن کے ساتھ ٹیلی فونک بات ہوئی، نے شفیق میر کے اس اقدام کی مذمت کی ہے۔شرما نے کہا کہ سید محمد الطاف بخاری ایک اچھے لیڈر ہیں لیکن انہیں شفیق نے دھوکہ دیا ہے۔بتادیں کہ جموں و کشمیر اپنی پارٹی کی جمعرات کے روز ایک پریس کانفرنس جس سے پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری نے خطاب کیا تھا، میں کہا گیا تھا کہ جموں و کشمیر پنچایت کانفرنس نے اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کی ہے اور اس موقع پر وہاں کانفرنس کے شفیق میر بھی موجود تھے۔